جونپور۔(نامہ نگار)۔ کھٹہن تھانہ حلقہ کے تحت گبھیرن بازار میں واقع کپڑے کی دکان میں گزشتہ شب چوروں نے نقب لگاکر تقریباً پچاس ہزار روپئے کے کپڑوں سمیت قیمتی ساڑیوں پر ہاتھ صاف کر دیا ۔ اطلاع ملنے پر پہنچی پولیس ڈاگ اسکوائڈکے اشارے پر پڑوسی دکاندار کو حراست میںلیکر تفتیش کررہی ہے۔ اطلاع کے مطابق مقامی تھانہ حلقہ کے گبھیرن موضع کے رہنے والے ڈاکٹرمیوا لال موریہ کی گبھیرن بازار میں کپڑے کی دکان ہے جو رات میں دکان پر ہی سوتے ہیں ، جمعہ کی شب چور دکان کے پشت کی دیوارمیں نقب لگاکر داخل ہوئے اور وہاں رکھے کپڑو ں سمیت قیمتی ساڑیوں پر ہاتھ صاف کر دیا۔ دوسری جانب دکان کے سامنے برآمدے میں دکاندار کو کچھ بھی پتہ نہیں چلا۔ سنیچر کی صبح ایک پڑوسی دکاندار نے دکان کے پیچھے نقب لگی دیکھی تو میوا لال کو اطلاع دی۔
انہوں نے دکان کھول کر دیکھا تو سارے کپڑے بکھرے پڑے تھے۔ وہیں قیمتی ساڑیو ں سمیت دیگر کپڑے غائب دیکھ کر حیران رہ گئے۔تھانہ پر اطلاع دی ، تھانہ انچارج دنیش چندر مشرا ہمراہیوں کے ساتھ موقع پر پہنچے اور ڈاگ اسکوائڈ کو بلایا۔ وہ دکان میں چکر لگاکر پڑوس کے دکاندار مذکورہ موضع کے رہنے والے شخص کے پاس جاکر رک گیا۔اس نشاندہی پر پولیس نے مذکورہ شخص کو حراست میں لیکر اس سے تفتیش شروع کردی ہے جبکہ وہ خود کو بے قصور بتا رہا ہے وہیں دوسری جانب مسلسل ہو رہی چوریوں سے علاقہ میں دہشت کا ماحول بن گیا ہے ۔