کوالالمپور :ملائیشیا نے شمالی کوریا کے بیلسٹک اور جوہری ہتھیار کے تجربے کے بعد جزیرہ نما کوریا میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر شمالی کوریا کے دورے پر جانے والے اپنے شہریوں پر پابندی لگا دی ہے ۔
شمالی کوریا اور ملائیشیا کے درمیان گزشتہ کئی سالوں سے مضبوط تعلقات ہیں، لیکن اس سال کے شروع میں کوالالم پور ہوائی اڈے پر شمالی کوریائی حکمران کم جونگ اون کے سوتیلے بھائی کے قتل کے بعد سے دونوں ممالک کے تعلقات میں کافی کشیدگی آ گئی ہے ۔
ملائیشیا کی وزارت خارجہ نے آج ایک بیان میں کہا کہ پابندی کے اگلے حکم تک لگائی گئی ہے اور حالات معمول پر آ جانے کے بعد ایک بارپھر سفر پر عائد پابندی کا جائزہ لیا جائے گا۔ ملائیشیا نے اس سے پہلے فوری طورپر یہاں موجود شمالی کوریا ئی شہریوں کے ملک چھوڑ کر جانے پر بھی پابندی لگا دی تھی۔
ملائیشیا کی فٹ بال ٹیم کو پانچ اکتوبر کو ایشیا کپ میں شمالی کوریا سے مقابلہ کرنا ہے لیکن سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر اس میں دوبار تاخیر ہوچکی ہے اگرچہ ابھی یہ طے نہیں ہے کہ ملائیشیا کی طرف سے اپنے شہریوں پر پیونگ یانگ کے دورے پر پابندی لگانے کے بعد فٹ بال ٹیم کو وہاں جانے کی اجازت دی جائے گی یا نہیں۔