حیدرآباد:حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ کے حجاج کرام کے دو قافلے آج راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایر پورٹ پہنچے ۔ آج13 واں قافلہ مقررہ وقت پر صبح 5:20 کو ایر پورٹ پر اترا جس میں450 حجاج کرام موجود تھے جن کا تعلق ریاست آندھرا پردیش سے رہا۔
ایر پورٹ پر جناب مومن احمد حسین صدر نشین اے پی اسٹیٹ حج کمیٹی’پروفیسرایس اے شکور اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی’ جناب محمد لیاقت علی ایکزیکٹو آفیسر اے پی اسٹیٹ حج کمیٹی اور دوسر وں نے حجاج کرام کا استقبال کیا۔ حجاج کرام نے حج ٹرمنل میں فجر کی نماز ادا کی جہاں ان کے لئے وسیع پیمانہ پر نماز کا انتظام کیا گیا تھا۔ خواتین کے لئے بھی حج ٹرمنل میں علیحدہ انتظام کیا گیا تھا۔ وزیٹرز کے لئے حج ٹرمنل کے باہر علیحدہ شامیانہ میں انتظام کیا گیا تھا۔ اس فلائٹ کے اوور لوڈ ہوجانے کے باعث 89کورز سے تعلق رکھنے والے حجاج کرام کے 189بیگیج کو اتار دیا گیا جس کو دوسری شیڈول فلائٹ کے ذریعہ حیدرآباد روانہ کیا گیا۔ چنانچہ ان حجاج کرام کو حج ٹرمنل میں ہی روک لیا گیا اور ان کے لئے ناشتہ کا انتظام کیا گیا۔ ناشتہ سے فراغت تک ان کا سامان بھی ایر پورٹ پہنچ گیا اور اس کو حج ٹرمنل میں منتقل کرتے ہوئے پروفیسر ایس اے شکور کی مساعی کے نتیجہ میں متعلقہ حجاج کرام کے حوالہ کردیا گیا۔