بریلی:اترپردیش میں بریلی کی سینٹرل جیل میں سخت نگرانی کے باوجود عمرقید کی سزا کاٹ رہے ایک قیدی نے 45فٹ اونچے درخ پر پھندا لگاکر خودکشی کرلی۔اس معاملے میں چیف جیل گارڈ کو معطل کردیا گیا ہے ۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ کیدارناتھ نے آج یہاں بتایا کہ بدایوں کے ہرینگلا گاؤں کے رہنے والا قیدی کلیان(45)بریلی سینٹرل جیل میں عمر قید کی سزا کاٹ رہا تھا۔
اس نے کل جیل کے احاطے میں 45فٹ اونچے درخت پر پھندا لگاکر خودکشی کرلی۔درخت کی اونچائی زیادہ ہونے پر فائر بریگیڈ کو بلایا گیا۔فائربریگیڈ کی سیڑھی کی مدد سے ساڑھے تین گھنٹے بعدلاش کو نیچے اتارا جاسکا۔اس معاملے میں لاپر واہی برتنے کے الزام میں چیف جیل گارڈ راجیو کمار تیواری کو معطل کردیا گیا۔ڈپٹی انسپکٹر جنرل (جیل)نے محکمہ جاتی جانچ کا حکم دیا گیا ہے ۔خودکشی کرنے والا قیدی کلیان بدایوں میں کنورگاؤں علاقے کے ہرینگلا گاؤں رہنے والے چندرپال کا بیٹا تھا۔قیدی نے 2005میں اپنی بھابھی کو درانتی سے قتل کردیا تھا۔بدایوں کی عدالت نے اسے عمر قید کی سزا سنائی تھی۔21اکتوبر 2005کو گرفتار ہونے کے بعد سے 24مارچ 2012 تک وہیں ضلعی جیل میں بند تھا۔عمر قید کی سزا سنائے جانے کے بعد 25مارچ 2012 کو اسے بریلی سینٹرل جیل بھیجا گیا تھا۔وہ جیل کے چار نمبر سرکل کے چار نمبر بیرک میں بند تھا۔