سڈنی۔آسٹریلیا کے شہر ایڈیلیڈ میں کھیلے جانے والے پانچویں ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو پانچ رنز سے شکست دے دی ہے۔ آسٹریلیا نے پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز چار ایک سے جیت لی ہے۔اب دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔انگلینڈ کی ٹیم چھتیسویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز پر تھی۔ لیکن اس کے بعد بلے باز ایک ایک کر کے آؤٹ ہوتے چلے گئے۔ آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلیا نے مقررہ پچاس اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 217 رنز اسکور کیے۔ جواب میں انگلینڈ کی ٹیم 212 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔آسٹریلیا کی جانب سے مارش نے 36 جبکہ بیلی نے 56 رنز بنائے۔ انگلینڈ کی جانب سے براڈ اور سٹوکس نے تین تین، جورڈن نے دو اور بریسنن نے ایک وکٹ حاصل کی۔
انگلینڈ کی جانب سے کْک نے 39 رنز بنائے جبکہ روٹ نے 55 رنزا سکور کیے۔آسٹریلیا کی جانب سے میک کے اور نیل نے تین تین جبکہ فوکنر نے دو اور واٹسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔مسلسل پانچ ٹیسٹ میچوں اور تین ایک روزہ میچوں میں شکست کے بعد انگلینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف موجودہ سیریز کے چوتھے ایک روزہ میں کامیابی حاصل کی تھی۔