کراچی۔پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے سنیچر کو پشاور میں خیبر پختونخوا ٹیلنٹ ہنٹ سکیم کا اعلان کیا ہے جس کے تحت وہ خیبر پختونخوا اور قبائلی علاقوں سے باصلاحیت کھلاڑیوں کو سامنے لائیں گے۔عمران خان نے بتایا کہ یہ سکیم صرف پختونخوا میں نہیں بلکہ فاٹا میں بھی ہوگی جس کی اجازت گورنر خیبر پختونخوا نے دے دی ہے۔عمران خان نے اس موقعے پر ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم میں جمع افراد سے خطاب کرتے ہوئے کہا: ’ہم اس ٹیلنٹ ہنٹ سکیم کے نتیجے میں پاکستان کرکٹ ٹیم میں ایسے ایسے باصلاحیت کھلاڑی خیبر پختونخوا سے لے کر آئیں گے کہ پھر سے پاکستان کرکٹ ٹیم پاکستان کو ورلڈ کپ جتوا کر دکھائے گی۔‘عمران خان نے حاضرین کو بتایا کہ آج سے چالیس سال قبل وہ جب سولہ برس کے تھے تو وہ لاہور میں اسی طرح کی ایک سکیم کے ذریعے لاہور کی انڈر 19 ٹیم کے لیے منتخب ہوئے تھے۔عمران خان نے کہا کہ آج سے 20 سال پہلے انہوں نے ایک ٹیلنٹ ہنٹ سکیم شروع کی تھی جس کے نتیجے میں پاکستان کے بڑے بڑے
کرکٹر سامنے آئے جن میں شاہد آفریدی بھی تھے۔