سری نگر: جموں وکشمیر میں باندی پورہ ضلع کے راکھ پاریبل حاجن علاقے میں آج فوج کے ساتھ مڈبھیڑ میں دو انتہا پسند مارے گئے لیکن اس مڈبھیڑ میں فضائیہ کے دو کمانڈر شہید ہوگئے ۔وزارت دفاع کے ترجمان کرنل راجیش کالیا نے یو این آئی کو بتا یا کہ باندی پورہ کے حاجن میں انتہا پسندوں کے چھپے ہونے کے بارے میں اطلاع ملی تھی۔
اس کے بعد ریاستی پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) اور فوج نے انتہا پسندوں کو پکڑنے کے لئے صبح پانچ بجے مشترکہ مہم کا آغاز کیا۔ انتہا پسندوں نے سلامتی دستوں پر خود کار ہتھیاروں سے گولیاں چلانی شروع کردیں اور دستی بم بھی پھینکے ۔
سلامتی دستوں نے بھی اس کا منھ توڑ جواب دیا اور اس مڈبھیڑ میں دو انتہا پسند مارے گئے اور فضائیہ کے دو کمانڈر شہید ہوگئے ۔ مارے گئے انتہا پسندوں کی شناخت نہیں ہوسکی ہے ۔ یہ خیال کیا جارہا ہے کہ یہ انتہا پسند غیر ملکی ہیں۔
آخری موصولہ خبروں کے مطابق مڈبھیڑ جاری ہے اور ابھی بھی انتہا پسندوں کے چھپے ہونے کا خدشہ ہے ۔ مسٹر کالیا نے نزدیکی کیمپوں سے فاضل سلامتی دستوں کو جائے واقعہ بھیج دیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق حاجن علاقہ میں پانچ انتہا پسندوں کے چھپے ہونے کی خبر تھی۔