واشنگٹن:امریکہ نے میانمار کی فوجی قیادت کو روہنگیائی مسلمانوں پر سخت کارروائی کیلئے ذمہ دار قرار دیا ہے ۔
امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے کل ‘واشنگٹن سینٹر فار اسٹریٹجک اینڈ انٹر نیشنل اسٹڈیزتھنک ٹینک’ میں کہا کہ میانمار کے صوبہ رخائن میں روہنگیائی مسلمانوں کے خلاف کارروائی کیلئے وہاں کی فوجی قیادت ذمہ دار ہے ۔
تاہم انہوں نے میانمار کے فوجی لیڈرو ں کے خلاف کسی طرح کی کارروائی کرنے کے بارے میں کچھ نہیں کہا ۔مسٹر ٹلر سن نے کہا کہ رخائن علاقہ میں روہنگیا کے خلاف جس طرح کی کارروائی ہوئی ہے اسے دنیا صرف تماش بین کی طرح نہیں دیکھ سکتی ہے ۔
رخائن میں جو بھی ہورہاہے اس کیلئے واضح طور سے فوجی قیادت ذمہ دار ہے ۔انہوں نے کہا کہ روہنگیا کے حالات پر امریکہ کو تشویش ہے ۔امریکی ایوان کے 43ممبران نے میانمار کے فوجی لیڈروں کے امریکہ کے دورہ پر پابندی لگانے کیلئے ٹرمپ انتظامیہ سے درخواست کی ہے ۔
ان ممبران نے ٹلر سن کو ایک خط لکھ کر روہنگیا کے خلاف تشدد کے لئے ذمہ دار لوگوں کے خلاف پابندی لگانے کی اپیل کی ہے ۔