انڈیا میں ایک ٹی وی نیوز چینل نے دعویٰ کیا ہے کہ پونے میں انڈیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والے دوسرے ایک روزہ میچ سے پہلے میدان کے کیوریٹر نے نامہ نگاروں سے وعدہ کیا تھا کہ وہ ان کی پسند کے مطابق پچ تیار کر دیں گے۔
ٹی وی چینل کے صحافیوں نے اس ‘سٹنگ’ میں خود کو بکیز کے طور پر پیش کیا تھا۔ ان الزامات کے سامنے آنے کے بعد کیوریٹر پنڈورانگ سالگاؤنکر کو معطل کر دیا گیا ہے اور میدان میں ان کے داخل ہونے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔
لیکن انڈیا اور نیوزی لینڈ کےدرمیان میچ پروگرام کے مطابق کھیلا جائے گا۔ تین میچوں کی اس سیریز کا پہلا مقابلہ نیوزی لینڈ نے جیتا تھا۔
سالگاؤنکر خود سابق فرسٹ کلاس کرکٹر ہیں اور ان پر یہ الزام بھی ہے کہ انھوں نے چینل کے صحافیوں کو پچ پرجانے اور اس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کی اجازت بھی دی تھی۔
خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ کے سیکریٹری امیتابھ چودھری نے سالگاؤنکر کو معطل کیے جانے کی تصدیق کر دی ہے اور ان کے مطابق بی سی سی آئی اس پورے معاملے کی تحقیقات کرائے گا۔
ٹی وی چینل کی جاری کردہ ویڈیوز کے مطابق صحافیوں نے جب سالگاؤنکر سے پوچھا کہ کیا وہ زیادہ باؤنس والی پچ تیار کر سکتے ہیں تو انھوں نے کہا کہ ‘ہاں، یہ کیا جا سکتا ہے۔’
کیوریٹر کے مطابق اس وکٹ پر تقریباً 340 رن بن سکتے ہیں۔
فروری میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچ کے بعد میچ ریفری کرس بورڈ نے اسی پچ کو ‘خراب’ قرار دیا تھا۔ یہ میچ انڈیا 333 رن سے ہار گیا تھا۔