علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی ( اے ایم یو) کے شعبئہ کامرس نے ”سیاحت کے مختلف پہلوؤں کی تلاش” موضوع پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا۔ یہ حکومت ہند کے اقدام ‘پریٹن پَرو’کا ایک حصہ تھا جسے سیاحت کا جشن منانے کے لئے ملک گیر سطح پر منایا جارہا ہے ۔اس موقع پر کامرس فیکلٹی کے ڈین پروفیسر نواب علی خاں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ ‘پَریٹن پَرو’ کا مقصد سفراور سیاحت میں لوگوں کی دلچسپی پیدا کرنا ہے ۔
انھوں نے اس سلسلہ میں حکومت ہند کے مختلف اقدامات کا تفصیل سے ذکر کیا۔فیکلٹی آف انٹرنیشنل اسٹڈیز کے ڈین پروفیسر شمیر حسن نے ہندوستانی سماج کا مغربی ایشیا کے سماج سے موازنہ کیا اور کہاکہ صنعت و تجارت مہذب سماج کی پہچان ہیں.
جب کہ سیاحت معیشت کو مستحکم کرنے میں ایک مُحرّک کا کام کرتی ہے ۔شعبئہ کامرس کے سربراہ پروفیسر ایم محسن خاں نے حکومت ہند کے پروگرام ‘پَریٹن پَرو’ کے ساتھ ساتھ حکومت ہند کے مختلف منصوبوں اور نعروں ‘میک اِن انڈیا’ ، ڈیجیٹل انڈیا ، سب کا ساتھ سب کا وِکاس وغیرہ کا ذکر کیا۔










