کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن نے مالی بحران کے باعث امریکا کے لئے فلائٹ آپریشنز پر نظر ثانی کا فیصلہ کیا ہے جب کہ پی آئی اے ریزرویشن سسٹم میں 31 اکتوبر کے بعد امریکا کے لیے بکنگ نہیں کی جا رہی۔
ترجمان پی آئی اے مشہود تاجور کا کہنا ہے کہ امریکا کے لیے فلائٹس کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کر رہے ہیں جب کہ مسافروں کی کمی اور مالی نقصان سے بچنے کے لیے امریکا کے لیے بعض مشترکہ فلائٹس کا انتظام کر رہے ہیں۔ ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ پاکستان ایئر لائن 1961 سے امریکا کے 4 شہروں کے لیے ایک ہفتے میں 5 پروازیں بلا تعطل جاری رکھے ہوئے تھی جس کو اب مالی بحران کی وجہ سے کم کر کے ایک ہفتے میں 2 کر دی گئی ہیں۔ دوسری جانب پی آئی اے حکام نومبر کے بعد امریکا کے لیے فلائٹ آپریشن کو بند کرنے پر بھی غور کر رہے ہیں۔