نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ ملک کو ایک دھاگے میں پرونے والے مرد آہن سردار ولبھ بھائی پٹیل کو نئی نسل سے واقف نہیں کرایا گیا اور ان کے نام کو تاریخ سے مٹانے کی کوشش کی گئی۔
مسٹر مودی نے ملک کے پہلے وزیر داخلہ سردار پٹیل کی 142 ویں یوم پیدائش کے موقع پر آج یہاں منعقد ‘ایکتا دیوس’کے موقع پر یہ باتیں کہیں۔انہوں نے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ، دیگر مرکزی وزرا اور کھیل کی دنیا کی چند بڑی شخصیات کی موجودگی میں نیشنل اسٹیڈیم سے انڈیا گیٹ تک ایکتادوڑ کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔
مسٹر مودی نے وہاں موجود لوگوں کو ملک کے اتحاد و استحکام کو بنائے رکھنے اور اس سے سرموانحراف نہ کرنے کا حلف دلایا۔ وزیراعظم نے کہا کہ سردار پٹیل نے پہلے ملک کی آزادی کے لئے اور بعد میں متفرق ریاستوں اور اندرونی تنازعات سے برسرپیکار ملک کو ایک دھاگے میں پرونے کے لئے اپنی زندگی وقف کردی تھی۔
انہوں نے اپنی دور اندیشی،قابلیت اور سفارتی لیاقت سے 500 سے زائد ریاستوں کو ہندوستان میں شامل کر کے عالمی سطح پر ہندوستان کو ایک مضبوط قوم کے طور پر کھڑا کیا۔ کسی کا نام لئے بغیر مسٹر مودی نے کہا کہ سردار پٹیل کو نئی نسل سے متعارف نہیں کرایا گیا۔ ان کے نام کوتاریخ سے مٹانے یا کم کرنے کی کوشش کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ لیکن سردار پٹیل ایسی ھستی تھی کہ حکومت یا کوئی سیاسی جماعت انہیں منظور کرے یا نہ کرے وہ ملک کی نوجوان نسل کے ذہنوں میں مکمل طور پر براجمان ہیں اور نوجوان انہیں تاریخ سے غائب نہیں ہونے دیں گے۔