بالی وڈ کے اداکار نواز الدین صدیقی نے اپنی سرگزشت واپس لے لی ہے جس میں انھوں نے متعدد خواتین کے ساتھ اپنے رشتے کی تفصیل بغیر ان کی اجازت کے شامل کی ہے۔
‘این آرڈینری لائف’ نامی ان کی سرگزشت 16 اکتوبر کو ریلیز ہوئی تھی جس میں اداکار نے اپنی ساتھی اداکارہ نہاریکا سنگھ کے علاوہ کئی خواتین کے ساتھ اپنے تعلقات کو تفصیل سے بیان کیا تھا۔
نہاریکا سنگھ نے ایک بیان میں کہا کہ ‘انھوں نے جو کچھ لکھا اس کے بارے میں مجھے کوئی علم نہیں اور میری مرضی لینے کا تو سوال ہی نہیں ہے۔’
نوازالدین صدیقی نے سوشل میڈیا پر معافی مانگی ہے۔
پیر کو دیر گئے اپنے فیس بک اور ٹوئٹر اکاؤنٹ پر انھوں نے لکھا: ‘میں ہر اس شخص سے معافی مانگتا ہوں جن کے جذبات ہماری یاد داشت ‘این آرڈینری لائف’ کی بدنظمی سے مجروح ہوئے ہیں۔ اس کا مجھے افسوس ہے اور اس لیے میں نے اپنی کتاب واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔’
انھوں نے کسی بھی خاتون سے ذاتی طور پر معافی نہیں مانگی جن کا انھوں نے اپنی کتاب میں ذکر کیا ہے۔
انھوں نے کتاب میں مذکور ایک دوسری خاتون کی شکایت کے بعد معافی مانگی جنھیں نوازالدین نے اپنی ‘پہلی گرل فرینڈ’ کہا ہے۔ خاتون نے فیس بک پر ‘غیر معمولی جھوٹ’ کا الزام لگایا تھا۔
43 سالہ اداکار نے لکھا کہ اس خاتون نے ان سے اس لیے رشتہ توڑ لیا کہ اس وقت جب دونوں ساتھ تھے تو وہ فلموں میں ‘جدوجہد کر رہے تھے۔’
خاتون نے لکھا: ‘میں نے تمہیں اس لیے نہیں چھوڑا کہ تم غریب تھے بلکہ اس لیے چھوڑا کہ تمہاری سوچ غریب تھی۔’
نوازالدین صدیقی کا بالی وڈ کے گنے چنے باصلاحیت اداکاروں میں شمار ہوتا ہے۔ انھوں نے ‘گینگز آف واسع پور’ اور ‘لنچ باکس’ جیسی فلمیں دی ہیں۔