ممبئی یکم نومبر(یواین آئی)حال میں ایک آر ٹی آئی (حق اطلاعات) درخواست کے ذریعے اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ ممبئی اور احمد آبادکے درمیان چلائی جانے والی ٹرینوں میں 40 فیصد نشستیں خالی رہتی ہیں،
اس انکشاف کے نتیجے میں مودی حکومت کے ذریعہ ممبئی اوراحمد آباد کے درمیان بلٹ ٹرین چلانے کی منصوبہ بندی پرسوالیہ نشان لگادیا ہے ۔اور منصوبہ پر ازسرنوجائزہ لینے کا مطالبہ کیا جارہا ہے ۔
واضح رہے کہ ممبئی اور احمد آباد روٹ پر 40فیصد نشستوں کے خالی رہنے کی وجہ سے ویسٹرن ریلوے کو بھاری مالی نقصان سے دوچار ہے ۔ ممبئی کے ایک آرٹی آئی کارکن انیل گلگلی کو آر ٹی آئی کے ذریعہ ملے جواب میں ویسٹرن ریلوے نے کہا ہے کہ اس علاقے میں گزشتہ تین ماہ میں 30 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے ، یعنی ہر مہینے 10 کروڑ روپے کا نقصان ریلوے کو برداشت کرنا پڑا ہے ۔ گلگلی نے کہا کہ یہ بلٹ ٹرین منصوبے پر سنگین سوال کھڑے کرتا ہے ۔ چاہے جب بھی اس کی تعمیر کیا جائے ۔انہوں نے کہاکہ ”حکومت ہند جذبات میں بلٹ ٹرین منصوبے پر ایک لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ خرچ کرنے جا رہی ہے ، لیکن اس نے اپنا ہوم ورک ٹھیک سے نہیں کیا ہے ۔”











