کانپور (نامہ نگار)چندرشیکھر آزاد زرعی یونیورسٹی (سی ایس اے)کانپور کے زیر اہتمام اٹاوہ کے کالج آف ڈیلی ٹکنالوجی میں لڑکیوں کے ہاسٹل کا نام سماجوادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو کی والدہ کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ یونیورسٹی اکادمی کاؤنسل نیاتفاق رائے سے کیا ہے۔ مذکورہ کالج اسی سال سے شروع ہونے کا امکان ہے۔ یونیورسٹی کے میڈیا انچارج ڈاکٹر نوشاد نے بتایا کہ اٹاوہ میں کھلنے والے کالج کا اعلان سماجوادی پارٹی کے سربراہ نے ۲۰۰۶میں کیا تھا۔ کالج تقریباً مکمل ہوچکا ہے۔ اس لئے سی ایس اے اکادمی کاؤنسل نے کالج کی لڑکیوں کے ایک ہاسٹل کا نام ملائم سنگھ یادہ کی والدہ مالتی دیوی کے نام پر رکھنے کا فیصلہ کیاہے، جبکہ لڑکیوں کے ایک دیگر ہاسٹل کا نام سبھاش چندربوس کی آزاد ہندفوج کی کیپٹن لکشمی سہگل کے نام پر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کالج میں لڑکوں کے ہاسٹل کانام امول دودھ کے بی جی کرین کے نام پر رکھے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مسٹر نوشاد نے بتایا کہ کالج کے عمارت کی تعمیر مکمل ہوگئی ہے۔ فرنیچر بھی آگیا ہے۔ منظوری ملنے کے بعد اساتذہ کے بھرتی کی کارروائی شروع کردی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کالج میں داخلے اسی سال ہونے کی امید ہے۔ کالج میں ڈیری سے متعلق نصاب پڑھایا جائے گا۔ سی ایس اے کے میڈیا انچارج ڈاکٹر نوشاد نے بتایا کہ دس فروری کو یونیورسٹی کے جلسہ تقسیم اسناد میں ریاست کے وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کالج کے شروع ہونے اور اس کے نام کا اعلان کرسکتے ہیں۔ تقریب میں وزیر اکھلیش یادو اور ریاستی گورنر بی ایل جوشی نے اپنے شامل ہونے کی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تقریب میں تقریبا پانچ سو طلباء و طالبات کو اسناد دیئے جائیں گے۔ اور ۳۷طلباء وطالبات کو سونے چاندی اور کانسے کے تمغے دیئے جائیں گے