لکھنؤ ۔ ( نامہ نگار)سماج وادی پارٹی نے مرکزی وزیر فولاد بینی پرساد ورما کو نشانہ بناتے ہوئے ان کو نفسیاتی مریض قرار دیا ۔ پارٹی کے ریاستی ترجمان راجیندر چودھری نے کہا کہ وزیر فولاد ذہنی طور سے بیمار ہیں ۔ ان کو اس بات کا بھی علم نہیں ہے کہ اچھا کیا ہے اور برا کیا ہے وہ کبھی ملائم سنگھ یادو کو اپنا گہرا دوست بتاتے ہیں اور کبھی بے بنیاد بیان بازی کرنے لگتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جس تھالی میں کھائے اسی میں چھید کرنے والا ان کا کردار قابل تعریف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کو اپنا نیا وفادار مبارک ہو کیونکہ ان کو بھی جلد شاطرانہ سیاست کا ذائقہ مل جائے گا ۔ راجیندر چودھری نے کہا کہ کانگریس میں گئے وزیر فولاد کو اپنی وفاداری کا ہر روز ثبوت دینا پڑتا ہے ۔ کانگریس کے سینئر رہنما ان کو اہمیت نہیں دیتے وہ سماج وادی پارٹی کی مخالفت کرکے اصلی کانگریسی ہونے کا ڈھونگ رچ رہے ہیں ۔مسٹر چودھری نے کہا کہ جس پارٹی میں رہ کر وزیر فولاد کی حیثیت بنی اور جس شخص نے ان کو وقار بخشا اسی پر کیچڑ اچھالن
اواضح کرتا ہے کہ وہ کسی کے نہیں ہوسکتے ۔ راجیندر چودھری نے کہا کہ بینی پرساد ورما نے شاید اپنی یاد داشت بھی کھودی ہے ورنہ ملائم سنگھ یادو اور نریندر مودی کے مابین میچ فکس جیسی اصطلاحات کا استعمال نہ کرتے ۔