نئی دہلی: دہلی میں آلودگی کی سطح جو دو ہفتے پہلے تشویش ناک حد تک بڑھ گئی تھی مرحلہ وار کم ہوتی جارہی ہے اور دہلی والوں کو سانس لینے میں راحت مل رہی ہے ۔ پھلوں ، سبزیوں ، انڈوں اور ڈیری مصنوعات کے علاوہ کھانے پینے کی دیگر چیزوں سے لدے ٹرک زائد از ایک ہفتے کے بعد دہلی میں داخل ہوئے ہیں۔
سسٹم آف ایئر کوالٹی اور ویدر فار کاسٹنگ اینڈ ریسرچ کے مطابق ہوا کی کوالٹی ابھی بھی ”انتہائی خراب” ہے ۔ ریل گاڑیوں کو بدستور دم گھٹا کر رکھ دینے والے دھند کا سامنا ہے ۔ تقریباً چالیس ٹرینیں تاخیر سے چل رہی ہیں۔ 13 ریل گاڑیوں کو ری شیڈول کیا گیا ہے جبکہ 6 ٹرینوں کا سفر منسوخ بھی کیا گیا ہے ۔ موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق کم سے کم درجہ حرارت 13.9 ڈگری سیلیسس ریکارڈ کی گئی ہے جو معمول سے ایک پوائنٹ زیادہ ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 ڈگری کے آس پا س رہا۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کل 25.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا یعنی معمول سے 2 پوائنٹ کم۔ ہوا میں نمی 91 اور 60 فی صد کے درمیان رہی۔ کل کم سے کم درجہ حرارت 14 ڈگری کے آس پا س رہے گا۔