ممبئی :بالی وڈ کے معروف اداکار تشار کپور آج 41 سال کے ہوگئے ۔ ممبئی میں 20 نومبر 1976 کو پیدا ہوئے تشار کو اداکاری کا فن وراثت میں ملا۔ ان کے والد جتیندر فلم انڈسٹری کے مشہور اداکار ہیں۔تشار اکثر اپنے والد کے ساتھ فلموں کی شوٹنگ دیکھنے جایا کرتے تھے اس لئے ان کی دلچسپی فلموں کی طرف پیدا ہوئی ۔
تشار نے اپنے کیریئر کا آغاز 2001 میں فلم “مجھے کچھ کہنا ہے ” سے کیا۔ فلم میں ان کی جوڑی کرینا کپور کے ساتھ پسند کی گئی ۔یہ فلم باکس آفس پر سپرہٹ ثابت ہوئی ۔تشار کو اس فلم میں ڈیبیو اداکار کا فلم فیئر ایوارڈ بھی ملا۔
اس کے بعد تشار نے کیا دل نے کہا، جینا صرف میرے لئے ، یہ دل، شرط اور غائب جیسی فلموں میں اداکاری کی لیکن کوئی بھی فلم باکس آفس پر کچھ خاص نہیں چل سکی۔ سال 2004 میں تشار کو راجکمار سنتوشی کی فلم خاکی میں کام کرنے کا موقع ملا۔ امیتابھ بچن، اکشے کمار، اجے دیوگن جیسے اسٹار کے باوجود تشار نے اپنے چھوٹے سے کردار سے شائقین کا دل جیت لیا۔
سال 2005 میں فلم کیا کول ہے ہم کے ذریعہ تشار نے اپنی ایک الگ پہچان بنائی جسے ناظرین نے پسند کیا۔ 2006 ء میں فلم گول مال تشار کی سب سے کامیاب ترین فلموں میں سے ایک ہے ۔
سال 2007 میں فلم لوکھنڈوالا میں تشار کا ایک الگ ہی کردار ناظرین کو دیکھنے کو ملا جسے پسند بھی کیا گیا۔ سال 2011 میں تشار کی دی ڈرٹی پکچر جیسی سپر ہٹ فلم بھی ریلیز ہوئی۔