چترکوٹ: اترپردیش میں چترکوٹ کے مانک پور ریلوے اسٹیشن کے پاس 12741 واسکوڈی گاما ایکسپریس کے 13 ڈبے پٹری سے اتر جانے سے باپ بیٹے سمیت تین مسافروں کی موت ہوگئی جبکہ 20 دیگر زخمی ہوگئے ۔ زخمیوں میں پانچ کی حالت نازک بتائی جاتی ہے ۔ یہ حادثہ آج صبح چار بجے پیش آیا ۔
مرنے والوں کی شناخت دیپک پٹیل اور رام سوروپ پٹیل کے طور پر کی گئی ہے ۔ وہ بوتیہ بہار کے رہنے والے تھے ۔ مرنے والوں میں ایک کی شناخت نہیں ہوسکی ہے ۔ ریاست کے سینئر پولیس سپرنٹندنٹ ریلوے بی کے موریہ نے بتایا کہ پٹنہ جارہی 12741 ٹرین کے مانک پور پلیٹ فارم کے باہر 13 ڈبے پٹری سے اتر گئے جس میں تین ڈبوں کو بری طرح نقصان پہنچا ہے ۔
حادثہ کی وجہ کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے لیکن اندیشہ ہے کہ پٹری میں شگاف آنے سے یہ حادثہ پیش آیا۔حادثہ کی جانچ کا حکم دے دیا گیا ہے ۔زخمیوں کو نزدیکی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے ۔ریلوے حکام کے مطابق زخمیوں کی تعداد 7 ہے لیکن عینی شاہدین کے مطابق ان کی تعداد 20 بتائی گئی ہے ۔
الہ آباد سے دو ریلیف ٹرین موقع پر روانہ کردی گئی ہیں۔ سینئر ریل اور پولیس افسران راحت اور بچاؤ کاموں کا جائزہ لینے کے لئے موقع پر پہنچ گئے ہیں۔حادثہ کی و جہ سے جھانسی – الہ آباد اور الہ آباد -چترکوٹ پسنجر ٹرین کو رد کیا جارہاہے ۔
ریلوے کے ذرائع نے بتایا کہ اس حادثہ سے ریل آمدورفت زیادہ متاثر نہیں ہوا ہے کچھ وقت کے لئے مشکلات پیش آئی تھیں لیکن دوسری لائن پر گاڑیاں منتقل کرکے ریلوں کی آمدروفت بحال کی جارہی ہے ۔ریلوے نے ہیلپ لائن نمبر جاری کئے ہیں۔ الہ آباد 0532-2407353، 2408149، 2408128، مرزا پور 0542-220095، 220095، چنار 05443- 290049، 222487 ہے ۔