لکھنؤ(نامہ نگار)مدارس کے اساتذہ کے مسائل کو جلد از جلد حل کیاجائے گاساتھ ہی ان کی تنخواہوں کی خامیوں کوبھی دور کرنے کیلئے حکومت قدم اٹھائے گی یہ بات آج یہاں وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے اندرا گاندھی پرتشٹھان میں منعقد گرانٹ یافتہ مدارس کے منیجروں اور پرنسپلوں کے یک روزہ اجلاس کے دوران کہی۔ اس کے علاوہ پروگرام کی صدارت کر رہے وزیر اقلیتی بہبود محمد اعظم خاں نے ہر پریشانی کو دور کرنے کا اعتماد ظاہر کیا۔
پروگرام میں موجود پرنسپل سکریٹری اقل
یتی بہبود دیویش چترویدی نے محکمہ اقلیتی بہبود کی اسکیموں کے بارے میںمدارس کے منیجروں کو واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ اس بار ۱۵۰مدرسوں کو امداد یافتہ بنایا جائے گا۔ اس کے علاوہ اس بار ایک لاکھ ۷۰ہزار طالبات کو ’لاڈلی بیٹی اس کا کل‘ اسکیم کے تحت وظیفہ دیاجائے گا۔ اس کے بعد مدرسہ اساتذہ یونین اور ٹیچرس ایسو سی ایشن نے وزیراعلیٰ اکھلیش یادو و وزیر برائے اقلیتی بہبود محمد اعظم خاںکو اپنا درد بیان کیا۔ محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے منعقد اجلاس کو مدارس کے اساتذہ ، پرنسپل اور منیجروں کے علاوہ سبھی اضلاع کے اقلیتی افسران نے حصہ لیا۔ اجلاس میں گرانٹ یافتہ اور غیر گرانٹ یافتہ مدارس کے لوگ شامل ہوئے۔ پروگرام کی شروعات کرامت حسین ڈگری کالج کی طالبات نے خیر مقدمی نغمے سے کی۔آل انڈیا ٹیچرس ایسو سی ایشن کے وحید اللہ خاں سعیدی نے کہا کہ حکومت نے ۱۴۰مدارس کو گرانٹ دینے کی بات کہی تھی جسے جلد از جلد پورا کیاجائے اور مدارس کے اساتذہ کی تنخواہوں کی خامیوں کو بھی دورکیاجائے۔ ایسو سی ایشن کے صدر دیوان صاحب زماں نے مدرسہ ٹیچرس کے اعزازیہ میں دو-دوہزار روپئے اضافہ کرنے کی بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ مدارس کے اساتذہ کی سروس ضوابط ابھی تک نہیں بن سکی ہے۔ جس کی وجہ سے اساتذہ کا مسلسل استحصال ہو رہا ہے۔
منی آئی ٹی آئی ایسو سی ایشن کی صوفیہ خان نے ۲۸۷؍انسٹرکٹروں کو تنخواہ دینے اور سرٹیفکیٹ کو این سی وی ٹی کے مساوی درجہ دیئے جانے کی بات رکھی۔ وہیں مدرسہ جدید ٹیچرس ایسو سی ایشن کے صدر سمیع اللہ خاںنے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے مدارس کے اساتذہ کو ملنے والی رقم وقت سے نہیں مل پاتی ہے اس لئے حکومت کو چاہئے کہ وہ مدارس کے اساتذۃ کو اپنے پاس سے وقت پر تنخواہ دے اور مرکز سے آنے کے بعد اسے واپس لے۔ تنظیم کے قومی صدر اعجاز احمد نے کہا کہ ہماری دوسال کی تنخواہ باقی ہے ہمیں حادثاتی بیمہ اور صحت بیمہ بھی دیاجائے۔ اترپردیش غیر تدریسی ملازمین یونین کے حسیب احمد و دیگر مدرسہ ملازمین نے اپنے مسائل سے وزیرا علیٰ کو واقف کرایا۔ اس موقع پر اترپردیش عربی فارسی مدرسہ بورڈ کے صدر زین الساجدین، پرنسپل سکریٹری اقلیتی بہبود دیویش چترویدی، سنی سینٹرل وقف بورڈ کے ظفر فاروقی، اترپردیش ترقیاتی کارپوریشن کے صدر عابد رضا، رکن اسمبلی غزالہ لاری اور دیگر مدارس کے معزز افراد موجودتھے۔