گجرات کے پوربندر میں کانگریس امیدوار نے درج کرائی شکایت، الیکشن کمیشن نے دی جانچ کی ہدایت
احمدآباد(بھاشا)گجرات میں کانگریس کے سینئر رہنماارجن موڈھواڈیا نے آج پوربندر کے ایک مسلم اکثریتی علاقہ کے تین پولینگ مراکز پر ای وی ایم سے ممکنہ چھیڑچھاڑکی شکایت کی اورکہا کہ کچھ مشینیں بلوٹوتھ کے ذریعہ خارجی آلات سے وابستہ پائی گئیں ہیں۔
اس درمیان انتخابی کمیشن نے کہا کہ کانگریس رہنما کی شکایت پرجانچ شروع کردی گئی ہے۔ پوربندرسے کانگریس امیدوار موڈھواڈیا نے کہا کہ ہم نے پایا کہ مسلم اکثریتی علاقہ میمن واڑہ کے تین پولنگ مراکز میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں بولوتوتھ کے ذریعہ خارجی آلات سے جڑی ہوئی ہیں۔
جب بھی کسی موبائل فون کابلوٹوتھ آن کیا جاتاہے توای سی او ۱۰۵؍نامی ایک آلہ دستیاب نظرآتاہے انھوں نے الزام لگایاکہ اس کا صاف مطلب ہے کہ بلوٹوتھ کے ذریعہ آلات کا استعمال کرکے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں سے چھیڑچھاڑکی جاسکتی ہے۔
کانگریس رہنما نے کہا کہ ای وی ایم میں لگی چپ بلوٹوتھ کے ذریعہ پروگرام کرنے کے لائق لگتی ہے اوریہ چھیڑچھاڑ کے اندیشے پیدا کرتی ہے۔ووٹنگ نظام خارجی آلات سے اس طرح کی وابستگی سے پاک ہوناچاہئے۔
موڈھواڈیا نے کہا کہ انھوں نے ضلع انتخابی افسرکے پاس اس معاملے کی شکایت درج کرائی ہے۔انتخابی افسر نے پولنگ مرکز کا دورہ کیا اوران تمام چیزوں کا معائنہ کیا ۔چیف الیکشن افسر بی بی سوئین نے کہا کہ اس معاملے کی جانچ کے احکامات جاری کردئے گئے ہیں اورکلکٹراورانتخابی کمیشن کے مشاہد کو موقع پر بھیجا گیا ہے۔
مسٹرسوئین نے کہا کہ ہمیں بلوتوتھ کے ذریعہ ای وی ایم کے مربوط ہونے کے بابت شکایت موصول ہوئی ہے۔انتخابی کمیشن کے ساتھ اس معاملے پر گفتگو کرنے کے بعد ہم نے کلکٹراورکمیشن کے مشاہد کو ایک سینئر انجینئر کے ساتھ موقع پر بھیجا ہے۔شکایت کرنے والے کی موجودگی میں جانچ کی جارہی ہے۔دوسری جانب بی جے پی نے کہا کہ موڈھواڈیاکی جانب سے کی گئی شکایت سے پتہ چلتاہے حذب اختلاف کانگریس پارٹی کو ئی بہانہ تلاش رہی ہے کیونکہ وہ جانتی ہے کہ انتخابات میں اسے شکست ملنے والی ہے۔بی جے پی ترجمان سمبت پاترا نے کہا کہ کانگریس کے اراکین کہہ رہے ہیں کہ ای وی ایم میں گڑبڑی ہے انتخابی کمیشن کو اس کا جواب دینا چاہئے لیکن ہم کہہ سکتے ہیں کہ نتائج آنے سے قبل ہی کانگریس بہانے تلاشنے میں مصروف ہے۔ کیونکہ اسے انتخابات میں اپنی شکست نظرآنے لگی ہے۔وہ ای وی ایم کے پیچھے چھپنے کی کوشش کر رہے ہیں۔