سعودی عرب میں ٹریفک کا کہنا ہے کہ شرائط اور قواعد و ضوابط کی تکمیل کے بعد مملکت میں خواتین کو موٹرسائیکل اور ٹرک چلانے کی بھی اجازت دی جائے گی جو کہ اب تک صرف مرد حضرات تک محدود ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ خواتین کو موٹرسائیکل اور ٹرک چلانے کی اجازت دینے کا فیصلہ ستمبر میں خواتین کی ڈرائیونگ کے انقلاب آفریں اقدام کے تناظر میں کیا جا رہا ہے۔ جون 2018ء سے سعودیہ میں خواتین کو گاڑی چلانے کی عام اجازت ہوگی۔
حکام مردو خواتین کے یکساں ٹریفک کوڈ کی تیاری کررہے ہیں تاکہ ٹریفک کے نظام میں کسی قسم کا خلل پیدا نہ ہو۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ خواتین کی کاروں کو الگ سے خاص پلیٹ نمبر الاٹ نہیں کئے جائیں گے بلکہ ٹریفک کے قانون کے آرٹیکل سات کے تحت مردو زن کی گاڑیوں پر ایک ہی طرح کی نمبر پلیٹیں لگائی جائیں گی۔
خیال رہے کہ سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے 26 ستمبر 2017ء کو ایک شاہی فرمان میں ملک میں خواتین کوڈرائیونگ کی اجازت دینے کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو اس کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت کی تھی۔ شاہی فرمان کے تحت وزارت داخلہ، وزارت خزانہ ، لیبر اور سماجی بہبود کی وزارتوں کے حکام پر مشتمل ایک مشترکہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو خواتین کی ڈرائیونگ کے معاملے کی نگرانی کررہی ہے۔