لکھنؤ(نامہ نگار)اندرا گاندھی پرتشٹھان میں منعقد اجلاس کو ریاستی وزیر اقلیتی بہبود محمد اعظم خاں نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی قاتل ملک کا محافظ نہیں ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں جب بی جے پی کی حکومت تھی تو سابق وزیر اعلیٰ راج ناتھ سنگھ نے مدارس کو آئی ایس آئی کا اڈہ بتایا تھا لوگ ہماری آبرو کے ساتھ کھلواڑ کر رہے ہیں ہم جس کام کا بورڈ لگاتے ہیں وہی کام کرتے ہیں۔ میڈیا پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب بے گناہ مسلمانوں کو جیل سے رہا کرنے کی بات کہی جا رہی تھی تو میڈیا نے اس بات کو اس قدر اچھالا کہ عدالتیں سخت ہو گئیں اور حکومت کو اپنے قدم پیچھے ہٹانا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ مظفر نگر کے زخم کو بھرنے نہیں دے رہے ہیں۔ جب بھی اسے بھولنا چاہتے ہیں لو گ زخموں کو کریدنے لگتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ہم لوگوں نے سکون سے زندگی گزارنے کیلئے اپنی نسلوںکی قربانی تک دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدارس کے اساتذہ کے سبھی مسائل کے سلسلہ میں انہوں نے وزیر اعلیٰ سے گفتگو کی جس کے نتیجہ میں اس اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ حکومت مدارس کے اساتذہ کے مسائل کے سلسلہ میں ہمدردی کے ساتھ غور کرے گی اور ان کا حل یقینی بنایاجائے گا تاکہ مدارس کے اساتذہ کا مستقبل بھی روشن ہو سکے۔ پروگرام سے قبل وزیرا علیٰ نے ملٹی سیکٹورل ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت ۱۱ء۱۵۶۲۳لاکھ روپئے مجوزہ مختلف پروگراموں کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔