ظلم کا قہر بن کر اسرائیلی فوج مسلسل حملہ ور ہو رہا ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ کی حمایت ملنے کے بعد مانو وہ پاگل سے ہو رہا ہے۔ غزہ اور غرب اردن میں اسرائیلی فوج کی جانب سے استعمال کی جانے والے زہریلی آنسو گیس کا شکار ہونے والے متعدد فلسطینی کوما میں چلے گئے ہیں۔
فلسطینی خبر رساں ایجنسی معا نے وزارت صحت کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی مظاہرین کے خلاف کسی نئی اور نامعلوم زہریلی گیس کا استعمال کیا ہے۔
اسپتال کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں کی استعمال کردہ زہریلی آنسو گیس کا شکار ہونے والے متعدد فلسطینی اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں اور کئی ایک کوما میں چلے گئے ہیں۔
ادھر مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعے کے روز غرہ میں فلسطینی مظاہرین اور صیہونی فوجیوں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں مزید دو فلسطینی شہید اور ڈیڑھ سو کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔
سیکڑوں دیگر فلسطینی غرب اردن میں ہونے والے مظاہروں کے دوران اسرائیلی فوجیوں کی جانب سے استعمال کی جانے والی زہریلی آنسو گیس سے متاثر ہوئے ہیں۔
امریکی صدر کی جانب سے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کیے جانے کے اعلان کے بعد سے، آزاد اور مقبوضہ فلسطینی میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور فلسطینی عوام ہر جمعے کو یوم غضب کے عنوان سے امریکہ مخالف مظاہرے کر رہے ہیں۔