گورکھپور (نامہ نگار)گورکھپور آٹو موبائل ایسوسی ایشن کے کنوینر اور صدر اسلم پرویز کی قیادت میں میونسپل کمشنر راجیش تیاگی کا علامتی پتلا شاستری چوک پر نذرآتش کیا گیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے اسلم پرویز نے میونسپل کمشنر تیاگی پر ٹرانسپورٹ نگر کے مسائل کو نظرا نداز کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً دو برسوں سے زائد عرصہ سے ٹرانپسورٹ نگر کے تاجر بدتر زندگی گذارنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی مرتبہ منطقائی کمشنر نے میونسپل کمشنر تیاگی سے ٹیلیفون پر ہدایت دیتے ہوئے مسائل کو حل کرنے کی ہدایت دی لیکن میونسپل کمشنر ان کے احکامات ک
و نظرانداز کرتے رہے۔ گزشتہ ۲۲جنوری کو ٹرانسپورٹ نگر کے ایک وفد نے منطقائی کمشنر سے ٹرانسپورٹ نگر کی سڑکوں اور اسٹریٹ لائٹ نہ جلنے کی شکایت کی۔ جس کے بعد منطقائی کمشنر نے میونسپل کمشنر کو فون پر اسٹریٹ لائٹ درست کرانے اور سڑکوں کی مرمت کرانے کی ہدایت دی۔ ۲۳جنوری کو کچھ لائٹیں درست کردی گئیں لیکن گلیوں کی اسٹریٹ لائٹ ٹھیک نہیں کی گئی۔ ۲۵جنوری سے اسٹریٹ لائٹ جلنا بند ہوگئیں اور پورے علاقہ میں اندھیرا ہوگیا۔ مسٹر پرویز نے کہا کہ کارپوریشن انتظامیہ عملا عوامی مسائل کو نظرانداز کررہاہے جس کے سبب برسراقتدار پارٹی کی شبیہ خراب ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرنسپل سکریٹری؍نوڈل افسر بی ایم مینا کی گورکھپور آمد متوقع ہے۔ان کی آمد کے موقع پر ایسوسی ایشن کا وفد اس معاملے کی شکایت کرے گاکہ کس طرح سے عوامی مسائل کو نظرانداز کیا جارہاہے۔