رہائش کا مسئلہ دنیا بھر میں گمبھیر ہوتا چلا جا رہا ہے اور بڑے شہروں میں صورتحال زیادہ سنگین دکھائی دیتی ہے، ساتھ ہی پکنک پر جائیں تو ہٹ افورڈ کرنا سب کے بس کی بات نہیں، نہ ہی جیب ہی ہوٹل میں طویل قیام کی اجازت دیتی ہے۔
اسی پریشانی کو مد نظر رکھتے ہوئے نیویارک کی ایک کمپنی نے پانی کے پرانے اسٹوریج ٹینک کو ری سائیکل کر کے چھوٹے گھر متعارف کرا دیئے ہیں۔ٹاکو ٹینکو نامی گھر اتنا بڑا ہے کہ اس میں ایک بستر اور ایک ٹیبل چیئر با آسانی سما سکتے ہیں اور اس کی سب سے دلچسپ بات اس کا وزن میں انتہائی ہلکا ہونا ہے یعنی اسے سائیکل یا موٹرسائیکل کی مدد سے بغیر کسی پریشانی یا دقت کے کھینچا جا سکتا ہے۔ ابھی اس گھر میں باتھ نہیں ہے اور نہ ہی پانی کا کوئی انتظا م کیا گیا ہے لیکن مستقبل قریب میں اس امکان کو رد بھی نہیں کیا جاسکتا۔ٹاکو ٹینکو میں 2سے 3افراد ایک وقت میں آرام کرسکتے ہیں جبکہ سامان محفوظ رکھنے کے لئے ایک حصہ بنایا گیا ہے اور دلچسپ ترین امر کے طور پر اس میں شمسی توانائی سے جلنے والی LEDs نصب ہیں جو کہ رات میں روشنی کا مسئلہ حل کریں گی۔