پٹنہ:چارہ گھپلے کے ایک معاملے میں راشٹریہ جنتا دل(آر جے ڈی)کے صدر لالو پرساد یادو کو ساڑھے تین سال کی سزا سنائی جانے کے بعد اب ان کی زیڈ کیٹیگری کی سکیورٹی میں صرف ہاؤس گارڈ ہی رہ گئے ہیں۔
سینٹرل ریزرو پولیس دستے (سی آر پی ایف) کے سرکاری ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ مسٹر یادو کو زیڈ کیٹیگری کی سکیورٹی ملی ہوئی ہے ، لیکن ایک معاملے میں ان کے جیل میں رہنے سے صرف پٹنہ میں واقع ان کی سرکاری رہائش گاہ پر ابھی ہاؤس گارڈ ہی رہ گئے ہیں۔
زیڈ کیٹیگری کی سکیورٹی گھیرے کے تحت مسٹر یادو کے ساتھ چلنے والے پروٹیکٹو سروس آفیسر (پی ایس او)،اسکاٹ پارٹی اور پائلٹ گاڑی کے جوانوں کو دستے کے کیمپ میں واپس بلا لیا گیا ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ مسٹر یادو کو زیڈ کیٹیگری کے تحت تقریباً 34جوان ملے ہوئے ہیں۔اس سے پہلے انہیں زیڈ پلس کیٹیگری کی سکیورٹی ملی ہوئی تھی جس میں ان کے پاس این ایس جی کا کمانڈو گھیرا تھا۔گزشتہ سال نومبر میں مسٹر یادو کی سکیورٹی میں کٹوتی کرتے ہوئے این ایس جی کمانڈو گھیرا ہٹاکر زیڈ کیٹیگری کی سکیورٹی کردی گئی تھی۔اس کے بعد سے ان کی سکیورٹی میں صرف سی آر پی ایف کے جوان تعینات تھے ۔