نئی دہلی:حکومت نے 50،000 کروڑ روپے سے زائد قرض کا بوجھ تلے دبے پبلک سیکٹر کی ایئر لائنزکمپنی ایئر انڈیا میں 49 فیصد غیر ملکی راست سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کی منظوری دے دی ہے ۔
یہ فیصلہ وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر صدارت ایک کابینی اجلاس میں کیا گیا۔ اس سے ایر انڈیا کی سرمایہ کشی میں غیر ملکی کمپنیاں بھی بولی لگاسکیں گی۔ انہیں حکومت کی ایئر لائنز کمپنی میں سرمایہ کاری کے لئے پہلے منظوری لینی ہوگی ۔اس سے پہلے ، ایوی ایشن کے شعبے میں شیڈول اورنان شیڈول ایئر لائنز میں 49 فی صد ایف ڈی آئی کی اجازت تھی، لیکن ایئر انڈیا میں ایف ڈی آئی کی اجازت نہیں تھی۔سرکاری ریلیز میں کہا گیا ہے کہ آج کابینہ کے فیصلے کے بعد، غیر ملکی ایئر لائنز ایئر انڈیا میں 49فیصد تک سرمایہ کاری کرسکیں گی ۔ شرط یہ ہے کہ غیر ملکی کمپنی کا حصہ 49 فیصد سے زائد براہ راست یا بالواسطہ نہیں ہونا چاہئے ۔ اسی کے ساتھ ایئر انڈیا کامؤثر کنٹرول اور بڑی حصہ داری ہندوستانی کمپنی کے پاس ر ہے ۔کابینہ نے پچھلے سال 28 جون کو ایئر انڈیا میں سرمایہ کشی کی نظریاتی منظوری دی تھی۔ وزیر مالیات ارون جیٹلی کی صدارت میں وزارتی گروپ کی نگرانی میں سرمایہ کشی کا عمل جاری ہے ۔ اس گروپ میں شہری ایوی ایشن وزیر اشوک گجپتی راجو، ریلوے وزیر پیوش گویل، تجارت اور صنعت کے وزیر سریش پربھو اور روڈ ٹرانسپورٹ اور شپنگ وزیر نتن گڈری شامل ہیں۔