نئی دہلی : وزیراعظم نریندرمودی نے اپنے ’دوست ‘ اسرائیل کے وزیر اعظم بنجامین نتین یاہوکے ہندستان پہنچنے پر پروٹوکول توڑ تے ہوئے ائیر پورٹ پر پہنچ کر استقبال کیا۔
وزیر اعظم کے گزشتہ سال جولائی میں اسرائیل کے دورے کے دوران نیتن یاہو نے بھی انکا اسی طرح سے استقبال کیا تھا ایسے میں اس عزت افزائی کے عوض اس بار مودی نے بھی نیتن یاہو کا ائیر پورٹ پر استقبال کیا۔مودی نے پوری گرم جوشی کے ساتھ نیتن یاہو سے ہاتھ ملایا اور انھیں گلے لگایا۔اس موقع پر وزیر مملکت برائے امور خارجہ جنرل وی کے سنگھ بھی موجود تھے۔ائیر پورٹ سے مودی اور نیتن یاہو کی گاڑیوں کا قافلہ سیدھے تین مورتی کے لئے روانہ ہوگیا۔
اسرائیل کے سابق وزیر اعظم ایریل شیرون کے بعد کسی اسرائیلی وزیر اعظم کا یہ ہندستان کا پہلا دورہ ہے۔ شیرون نے 2003میں ہندستان کا دورہ کیا تھا۔ نیتن یاہو کے ساتھ انکی اہلیہ سارہ اور 130رکنی وفد بھی ہندستان آیا ہے۔ہوائی اڈے پر جاکر خود نیتن یاہو کا استقبال کرنے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر لکھا ”میرے دوست وزیر اعظم نیتن یاہو ہندوستان میں آپ کا خیر مقدم ہے۔ آپ کا ہندوستان کا دورہ اہم اور تاریخی ہے جس کے بعد ہمارے ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔“
وزیر اعظم نریندر مودی کے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے ٹوئٹر پر بنیامن نیتن یاہو نے لکھا ”ہم ہندوستان میں لینڈ کر چکے ہیں۔ والہانہ استقبال کے لے شکریہ ہمارے اچھے دوست نریندر مودی۔
قبل ازیں کانگرین کے آفیشل ٹوئٹر ہنڈل سے نیتن یاہو کے دورے پر طنز کرتے ہوئے لکھا گیا ”اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو ہندوستان کے دورے پر آ رہے ہیں تو ہمیں اب نریندر مودی کے میز ہگ (گلے ملنے) کا انتظار ہے۔“ ٹوئٹ کے ساتھ کانگریس نے ہگ اور ڈپلومیسی کو ملا کر ہگ پلومیسی ہیش ٹیگ کا استعمال کیا۔