جموں: جموں وکشمیر کے جموں، سانبہ اور کٹھوعہ اضلاع میں بین الاقوامی سرحد پر شدید گولہ باری کا سلسلہ جمعہ کو مسلسل دوسرے دن بھی جاری رہا۔
تازہ گولہ باری میں بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف)کا ایک ہیڈکانسٹیبل اور ایک خاتون سمیت 2 عام شہری ہلاک جبکہ 14 دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمیوں میں دو بی ایس ایف اہلکار بھی شامل ہیں۔ بیشتر زخمیوں کو میڈیکل کالج و اسپتال جموں منتقل کیا گیا ہے ۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کی طرف سے ضلع راجوری میں لائن آف کنٹرول کے نوشہرہ سیکٹر میں بھی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا ‘پاکستان نے جمعہ کو دوپہر کے وقت ایل او سی کے نوشہرہ سیکٹر میں جانگرنامی علاقہ میں بھارتی فوج کی چوکیوں کو نشانہ بناکر شدید فائرنگ کی’۔
ایک سیکورٹی عہدیدار نے بتایا ‘سرحدی کشیدگی کے پیش نظر سرحدی علاقوں میں الرٹ جاری کردی گئی ہے جبکہ احتیاطی طور پر اسکولوں کو بند کیا گیا ہے ‘۔ ایک سرکاری عہدیدار نے یو این آئی کوبتایا ‘پاکستان نے جموں خطہ کے تین سرحدی اضلاع میں بین الاقوامی سرحد کے نذدیک واقع دیہات اور سرحدی چوکیوں کو ایک بار پھر نشانہ بنایا اور شدید شیلنگ کی جس کے نتیجے میں ایک بی ایس ایف ہیڈکانسٹیبل، ایک خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ 14 دیگر زخمی ہوگئے ہیں’۔
انہوں نے بتایا ‘سانبہ میں پاکستانی فائرنگ کے نتیجے میں 173 بٹالین بی ایس ایف سے وابستہ ہیڈ کانسٹیبل جگویر سنگھ جاں بحق ہوا ہے ‘۔ انہوں نے بتایا ‘جگویر سنگھ کو ضلع اسپتال سانبہ لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا’۔سرکاری ذرائع نے بتایا ‘پاکستان کی جانب سے جمعہ کی صبح جموں کے ارنیہ و آر ایس پورہ سیکٹروں، ضلع سانبہ کے رام گڑھ سیکٹر اور ضلع کٹھوعہ کے ہیرا نگر سیکٹر میں سرحدی دیہات کو نشانہ بناکر شدید گولہ باری کی’۔انہوں نے بتایا ‘آر ایس پورہ اور ارنیہ میں پاکستانی فائرنگ میں 2 عام شہری ہلاک جبکہ متعدد دیگر زخمی ہوگئے ہیں’۔ ذرائع نے بتایا کہ فائرنگ کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے ۔انہوں نے بتایا ‘سرحدوں پر تعینات بی ایس ایف اہلکار سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ کا موثر اور منہ توڑ جواب دے رہے ہیں’۔ سرکاری ذرائع نے مہلوکین کی شناخت 50 سالہ بچھنو دیوی زوجہ جیت راج ساکنہ سائی خرد ارنیہ اور 25 سالہ ساحل ولد کرشن لال ساکنہ کورتانہ آر ایس پورہ کے بطور کی ہے ۔بعض زخمیوں کی شناخت 55 سالہ جیت راج ولد روی کمار اور 50 سالہ کرشن لال ساکنہ آر ایس پورہ، 52 سالہ نانک راج ساکنہ ماہا شاہ، 35 سالہ رنجیت سنگھ ساکنہ کوکھری چک رام گڑھ سانبہ کے بطور کی گئی ہے ۔
بی ایس ایف کے ڈائریکٹر جنرل کے کے شرما نے جمعرات کو جموں وکشمیر میں پاکستان کے ساتھ لگنے والی ایل او سی اور بین الاقوامی سرحد کی صورتحال کو کشیدہ قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ سرحدوں پر تعینات بی ایس ایف اہلکار سرحد پار پاکستان سے ہونے والی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دے رہے ہیں۔ ضلع پونچھ میں ایل او سی کے چکاں دا باغ میں منگل کی شام کو پاکستانی فائرنگ کے نتیجے میں فوج کا ایک افسر زخمی ہوا، جس کی شناخت مراٹھا لائٹ انفینٹری کے کیپٹن بنگوریہ کے بطور کی گئی تھی۔پونچھ میں فائرنگ کا یہ واقعہ بھارتی فوج کے اس دعوے کے ایک روز بعد پیش آیا جس میں پاکستان کی طرف سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کے جواب میں ایک میجر سمیت سات پاکستانی فوجیوں کو ہلاک جبکہ چار دیگر کو زخمی کردینے کی بات کہی گئی تھی۔ تاہم پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ایک بیان میں جنڈروٹ اور کوٹلی سیکٹرز میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے چار فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا تھا ‘بھارت کی جانب سے اس وقت ایک بڑا مارٹر گولہ داغا گیا جب فوجی اہلکار ترسیلی لائن کی بحالی کے کام میں مصروف تھے ‘۔ بیان میں مزید کہا گیا تھا ‘بھارت کی جانب سے مارٹر حملے کے بعد طرفین کے مابین گولہ باری کا تبادلہ شروع ہوا جس میں تین بھارتی فوجیوں کو ہلاک جبکہ متعدد دیگر کو زخمی کیا گیا’۔فائرنگ کے اس ہلاکت خیز واقعہ کے بعد انتظامیہ نے پیر کے روز چکاں داباغ اور راولاکوٹ کے درمیان ہفتہ وار راہ ملن بس سروس معطل کردی تھی۔
بی ایس ایف کے ایک عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا ‘رام گڑھ میں چلریاں پوسٹ میں تعینات ہیڈ کانسٹیبل جگویر سنگھ زخمی ہوا۔ اسے ضلع اسپتال منتقل کیا گیالیکن وہ جانبر نہ ہوسکا’۔انہوں نے بتایا کہ رام گڑھ کے ملو چک اور نانگا پوسٹ میں پاکستانی فائرنگ سے دو بی ایس ایف اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ کٹھوعہ ضلع میں سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ میں ایک کمسن لڑکی سمیت پانچ عام شہری زخمی ہوگئے ہیں۔انہوں نے بتایا ‘احتیاطی طور پر سرحدی اضلاع میں بین الاقوامی سرحد کے نذدیک واقع سبھی تعلیمی ادارے اگلے احکامات تک بند کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سرکاری ڈھانچوں کی نشاندہی کا عمل جاری ہے جہاں شیلنگ سے متاثرہ لوگوں کو اکامڈیٹ کیا جائے گا’۔جموں میں بین الاقوامی سرحد کے آر ایس پورہ اور ارنیہ سیکٹروں اور ضلع سانبہ کے رام گڑھ سیکٹر میں بھارتی اور پاکستانی افواج کے مابین شدید گولہ باری کا سلسلہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات شروع ہوا۔جمعرات کو گولہ باری کے تبادلے میں سرحد کے دونوں طرف تین عام شہری اور بی ایس ایف کا ایک اہلکار ہلاک جبکہ 10 دیگر زخمی ہوگئے ۔ زخمیوں میں ایک بی ایس ایف اہلکار بھی شامل تھا۔