۔ لکھنؤ: اتر پردیش میں امن عامہ کا حال بدتر ہوتا جارہا ہے اور پولس اپنے فرائض ادا کرنے میں پوری طرح ناکام ثابت ہو رہی ہے۔سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق اس کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ افسر شاہی اور حکومت میں تال میل نہیں ہے اور آئے دن جرائم کی سرزدگی عام شہریوں کو خوف میں مبتلا کر رہی ہے۔پوری ریاست میں جو حال ہے وہ سب پر عیاں ہے مگر صوبے کی راجدھانی میں امن عامہ کا برا حال ہے اور جرائم کا گراف بگڑتا جا رہا ہے۔
ریاستی راجدھانی میں بدمعاشوں اور دبنگوں نے قہر برپا رکھا ہے۔لکھنو کے چنہٹ علاقے کے اتر دھونا میں اسلحہ سے لیس بے خوف مجرموں نے لوٹ مار کے بعد تین افراد کو گولی مار دی۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ قتل و غارت گری کے بعد بدمعاشوں نے چلتے وقت دو نابالغ لڑکیوں کا اغوا بھی کر لیا۔واقعہ کے بعد پولس جائے وقوع پر پہنچی اور زخمیوں کو اسپتال میں داخل کیا گیا ہے ۔ پولس کا دعویٰ ہے کہ اغواکاروں اور قاتلوں کی تلاش میں پولس سرگرم ہے۔