دربھنگہ۔ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ موہن بھاگوت نے ملک میں کسانوں کی حالت پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے آج کہا کہ معیشت میں بہتری کے لئے کسان کو اقتصادی طور پر مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
مسٹر بھاگوت نے یہاں دربھنگہ میڈیکل کالج و اسپتال (ڈی ایم سی ایچ ) میں منعقد ایک پروگرام میں کہا کہ ملک میں کسانوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ کسانوں کی خراب حالت کا اثر معیشت پر بھی پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی اقتصادی حالت ٹھیک کرنے کے لئے کسان کی حالت بہتر بنانا ضروری ہے۔ اس کے لئے کاشت کاری اور گئو پروری کا کردار اہم ہو سکتا ہے۔
آر ایس ایس کے سربراہ نے نامیاتی کاشتکاری کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس کو فروغ دینے سے کسانوں کی حالت کافی حد تک بدل سکتی ہے۔ نامیاتی کاشتکاری کو فروغ دینے میں گئو پروری کا کردار اہم ہوگا۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ اسلام کے ماننے والے بھی گئوپالكوں اور گئوركشكوں کی مخالفت نہیں کرتے۔ بہت سے مسلمان گئومانس نہیں کھاتے بلکہ گئوپالک اور رکشک ہیں۔
مسٹر بھاگوت نے کسی کا نام لیے بغیر حکومت کے کام کاج کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پہلے مایوسی تھی لیکن اب ویسی تشویش نہیں ہے۔ ہم آگے بڑھ رہے ہیں اور آگے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’ہندوستان متحد نہ رہے اس کیلئے کچھ مفاد پرست لوگ سماج کو بانٹ رہے ہیں لیکن ہمیں صبر کھونا نہیں ہے۔ ہندوستان کے تمام مذاہب کے لوگ ہمارے بھائی ہیں۔ ہم لوگ سماج کے خادم ہیں۔ سماج کے مفاد میں سنگھ ہمیشہ کام کرتا رہے گا‘‘۔