نئی دہلی:شہد کی مارکیٹنگ کو منظم شکل دینے کے لئے حکومت نے راجدھانی میں دودھ سے بنی اشیاکی مارکیٹنگ کرنے والی سرکاری کمپنی مدر ڈیری کے ساتھ شہدکی فروخت کے لئے اشتراک کیا ہے ۔
وزیر زراعت رادھاموہن نے آج راجیہ سبھا میں ضمنی سوالات کے جواب میں کہا کہ شہد کی فروخت کے لئے مدرڈیری کے ساتھ شراکت کی گئی ہے اور اس کی شروعات پہلے راجدھانی دہلی سے کی جارہی ہے ۔ملک کے مختلف حصوں سے شہد جمع کرکے مدر ڈیری کے بوتھ سے فروخت کیا جائیگا۔ کانگریس کی وپلوٹھاکر نے پوچھا تھا کہ کیا سرکار شہدکی مکھیاں پالنے کے کاروبار میں لگے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لئے شہد کی مارکیٹنگ کا کوئی بندوبست کیاہے ۔ شہد میں ملاوٹ کے مسئلہ سے نمٹنے کے بارے میں پوچھے جانے پر انھوں نے کہا کہ شہد کی کوالٹی کو یقینی بنانے کے لئے ایک کٹ تیارکی جارہی ہے ۔اس سے شہد میں ملاوٹ کا تو پتہ لگایاہی جاسکے گا اسکی گریڈنگ بھی کی جاسکے گی ۔انھوں نے کہا کہ ابھی ملک میں شہد کی جانچ کے لئے 7لیباریٹریزہیں جن میں شہد کی کوالٹی کی جانچ کی جاتی ہے ۔ شہد کی مکھیاں پالنے کے شعبے کو توسیع دینے کے لئے 12ریاستوں میں اس کے مراکز بنائے جارہے ہیں ۔