نئی دہلی : خواتین کو بااختیار بنانے اور بچوں کو تعلیم دینے پر زور دیتے ہوئے فوڈ پروسیسنگ اور انڈسٹریز کی مرکزی وزیر ہرسمرت کور بادل نے آج کہا کہ ہندوستان کواس محاذ پر دوسرے ملکوں سے بہت کچھ سیکھنے کی ضرورت ہے جہاں خواتین کو زندگی کے ہر شعبے میں مساوی حقوق حاصل ہیں۔
ساتویں ون گلوبل فورم 2018سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ کور نے کہا کہ ہندوستان میں خواتین آج بھی اپنے حقوق کو جاننے اور انہیں عمل میں لانے سے کوسوں دور ہیں۔اگر انہیں زندگی کے ہر شعبے میں مساوی حقوق دیئے جائیں تو نہ صرف مجموعی داخلی پیداوار بلکہ پوری معیشت کو زبردست فروغ حاصل ہوگا۔ وزیر موصوف نے امید ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں منظر نامہ مختلف ہوگا۔’
‘ہم اپنی طرف سے ایسے امور سے بہتر طو ر پر نمٹنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن ہمیں دوسرے ملکوں سے سیکھنے کی ضرورت ہے ۔جہاں خواتین کو ہر شعبے میں مساوی حقوق مہیا ہیں۔ میں امید کرتی ہوں کہ آنے والا کل ہمیں بہتر نتائج سے ہمکنار کرے گا۔محترمہ بادل نے ہندوستانیوں کے جانب دارانہ رویہ اور فطرت کابھی ذکر کیا جس کی وجہ سے خواتین کو ان کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنے کی اجازت نہیں دی جاتی اور اکثر خواتین کی خدمات کسی تذکرہ کا حصہ نہیں بن پاتیں۔
وزیر موصوف نے کہا کہ ”میں سمجھتی ہوں کہ اس ملک میں ہر کسی کو صنفی مساوات یقینی بنانے کی کوشش کرنی چاہئے تا کہ جانبدارانہ ذہن بدلے ۔خواتین کے تحفظ کے تعلق سے محترمہ نے اس بات پر افسوس ظاہر کیا کہ انہیں دست درازی، آبروریزی، اغوایہاں تک کہ جہیزی موت تک کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ دختر کشی کو ختم کرنے کی ایک تحریک شروع ہونی چاہئے ۔محترمہ بادل نے کہا کہ وہ خود دو بیٹیوں کی ماں ہیں اور جب ان کی دوسرے بیٹی پیدا ہوئی تو سننے والوں نے بیٹا نہ ہونے کا افسوس ظاہر کیا لیکن وہ خوش تھیں اور خوش ہیں۔افسوس کرنے والوں کی اپنی سوچ ہوتی ہے اور یہ ان کا اپنا مسئلہ ہے ۔ون گلوبل فورم کے چیئرمین دلویر سنگھ کے علاوہ لومبا فاؤنڈیشن کے بانی چیئرمین ٹرسٹی لارڈ لومبا، بیرونیس سندیپ ورما اور فورم کے کنوینر ہرجیو سنگھ اس موقع پر موجود تھے ۔