علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ ہمیں اپنے معاملات کے لیے دوسروں کی طرف دیکھنے کے بجائے انہیں خود حل کرنا ہوگا۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ عالمی قوتیں امت مسلمہ کے تنازعات کے حل میں باالکل مخلص نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہود و نصاریٰ دوستی کے لبادے میں چھپے ہوئے دشمن ہیں جو آڑے وقت میں اپنی اصل صورت کے ساتھ ظاہر ہو جاتے ہیں۔ اس وقت پوری دنیا میں صرف مسلمان ممالک ہی روبہ زوال ہیں۔ اس تنزلی میں عالمی شیطانی قوتوں کی مکارانہ حکمت عملی کا پورا عمل دخل ہے، وہ ممالک جو خود کو انسانی حقوق کا چیمپین سمجھتے ہیں انہیں کشمیر، فلسطین اور یمن سمیت دیگر مسلم ممالک میں ڈھائے جانے والے مظالم پر بولتے ہوئے ان کی زبان پر چھالے پڑ جاتے ہیں۔ عالم اسلام کو مسلکی تفریق اور گروہ بندی میں الجھا کر ایک دوسرے سے بدظن کیا جا رہا ہے۔
سربراہ ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ ہمیں یہ حقیقت نصف صدی پہلے ہی سمجھ لینی چاہیے تھی کہ استعمار نے مسلمان حکمرانوں کو ہمیشہ اپنے مقاصد کے لیے استعمال کیا ہے۔ دوستی کے لبادے میں چھپے ان دشمن سے جتنی جلد ممکن ہو پیچھا چھڑا لینا ہی بہتر ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل مسلمانوں کے کبھی بھی دوست رہے ہیں اور نہ ہی ہو سکتے ہیں۔ ہمیں ان کی گفتار میں اخلاص ڈھونڈنے کے بجائے ان کے کردار سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔