لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔عام شاہراہوں پر حادثات اور جام سے متعلق معلومات کیلئے چار اعدا د پر مبنی ٹول فری نمبر ۱۰۷۳ ’ٹریفک ہیلپ لائن‘ کی شروعات کا حکم جاری کر دیاگیا ہے۔ یہ نمبر تمام اضلاع کے پولیس کنٹرول روم سے جوڑا جائے گا۔ سڑک حادثہ کے ساتھ ہی ٹریفک جام کی صورت میں معلومات ملتے ہی موثر اقدامات کئے جائیں گے۔ پرنسپل سکریٹری برائے داخلہ انل کمار گپتا نے بتایا کہ یہ بہت ہی اہم ہیلپ لائن ہے جس کے شروع ہونے سے سڑک حادثات ہونے کی صورت میں راحتی کام فوری طور سے ہو سکیں گے اور کسی کے زخمی ہونے کی حالت میں اس کو بہت جلد طبی امداد مل سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک ہیلپ لائن پر اطلاع ملتے ہی فوراً متعلقہ تھانہ کے داروغہ کو مطلع کیاجائے گا تاکہ وہ جائے حادثہ پر پولیس فورس کے ساتھ پہنچ کر زخمیوں کو اسپتال وغیرہ پہنچاکر فوری طبی امداد مہیا کرا سکے اور ان کی جانوں کی حفاظت کی جا سکے۔ مسٹر گپتا نے کہا کہ سڑک حادثہ یا جام کی صورت میں پولیس سے مدد کیلئے مذکورہ ٹول فری نمبر کی مدد لی جا سکے گی جس کے سائین بورڈ بناکر تمام اضلاع کے اہم چوراہوں پر آویزاں کئے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس ٹول فری نمبر سے واقف ہو سکیں اور ناگہانی صورتحال میں پولیس کو مطلع کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل پولیس جنرل ڈائریکٹر ٹریفک کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ریاست کے تمام اضلاع میں ٹریفک ہیلپ لائن ۱۰۷۳ والے بورڈ تیار کراکر شاہراہوں اور اہم چوراہوں پر آویزاں کرائیں ۔