دبئی میں واقع Atlantis ہوٹل ریزورٹ نے فیس بک پر فالوورز کی تعداد دس لاکھ تک پہنچ جانے کے پُر مسرّت موقع پر 18 مارچ 2018ء کو دنیا کا پہلا سوشل میڈیا SUITE متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔
مذکورہ ریزورٹ کے فالوورز کو دعوت دی جائے گی کہ وہAtlantis Fan Suite میں ایک رات کے مفت قیام کے لیے بکنگ کروائیں۔ بکنگ کا سلسلہ دسمبر 2018ء تک جاری رہے گا۔
اس ریزورٹ کے مشرقی ٹاور میں انیس ویں منزل پر واقع یہ منفرد سُوٹ خصوصی طور پر سوشل میڈیا کے صارفین کی تمام تر خواہشات کو مدّ نظر رکھ ڈیزائن کیا گیا ہے۔ آنے والا مہمان اپنے فیس بک اکاؤنٹ کے ذریعے لاگ اِن ہو کر سُوٹ کے اندر داخل ہو سکتا ہے۔
قیام کرنے والے مہمان کمرے میں موجود خصوصی انٹر کام کے ذریعے اپنے ذاتی خانساماں کو “Poke” کر سکتے ہیں۔ وہ لوگ جو اپنے قیام کا ہر لمحہ اپنے دوستوں اور اہل خانہ کے ساتھ شیئر کرنا چاہتے ہیں، ان کے لیے ایک خصوصی فیس بُک لائیو لاؤنج بنایا گیا ہے۔ یہاں مہمان اپنا موبائل فون ایک خصوصی اسٹینڈ پر رکھ کر خود ایک آرام کرسی پر براجمان ہو کر اپنا پیغام ریکارڈ کروا سکتے ہیں۔
مزید برآں“Atlantis Fan Suite” میں آنے والوں کو مفت قیام کے علاوہ دیگر وی آئی پی سہولیات بھی حاصل ہوں گی۔ ان میں The Lost Chambers Aquarium اور مشرقِ وسطی کے نمبر ایک واٹر پارک Aquaventure تک لا محدود رسائی شامل ہے۔
آنے والے مہمان Atlantis Imperial Club کی جانب سے 3000 اماراتی درہم کی مالیت کے برابر خدمات سے بھی لطف اندوز ہو سکیں گے۔ ان میں بالغ افراد کی رجسٹریشن، صبح کا ناشتہ، کلب کے ہال میں دوپہر کی چائے اور شام کے مشروبات اور اسنیکس اور کلب کے خصوصی ساحل کا استعمال شامل ہے۔
دنیا بھر میں Atlantis The Palm کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا سب سے زیادہ استعمال کرنے والے 10 ممالک کے نام یہ ہیں : متحدہ عرب امارات ، بھارت ، پاکستان ، برطانیہ ، امریکا ، مصر ، سعودی عرب ، آسٹریلیا ، فلپائن اور جرمنی.
آخر میں یہ بتاتے چلیں کہ “Atlantis Fan Suite”میں مفت قیام کی بکنگ کے خواہش مند افرادwww.atlantisfansuite.com ویب سائٹ پر جا کر اپنا اندراج کروا سکتے ہیں۔ اس بات کا خیال رہے فیس بک پر Atlantis ریزورٹ کے پیج کو “لائیک” کرنے والے افراد ہی مفت قیام کی بکنگ کے اہل ہوں گے۔