نئی دہلی، 31 جنوری (یو این آئی)مرکزی وزیر زراعت اور نیشنلست کانگریس پارٹی کے سربراہ شرد پوار نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے وزیراعظم کے عہدے کے امیدوار نریندر مودی سے ملاقات کی میڈیا میں آئی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں شرارت انگیز ، بے بنیاد اور غلط بتایا۔ میڈیا میں آئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مسٹر پوار اور مسٹر مودی کی 17 جنوری کو تقریباً ایک گھنٹے کی ملاقات ہوئی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس میٹنگ میں دونوں لیڈروں نے نئے اتحاد کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔دونوں لیڈروں کی ملاقات کو لوک سبھا انتخابات سے قبل نئی صف بندی کے شکل میں دیکھا جارہا ہے۔ اس سے پہلے این سی پی کے لیڈر پرفل پٹیل نے بھی کہا تھا کہ گجرات فسادات کے بارے میں عدالت کے فیصلے کو دیکھتے ہوئے فسادات کے معاملے کو طول نہیں دیا جانا چاہئے۔
مسٹر پوار نے ان خبروں کو مسترد کرتے ہوئے ٹویٹر پر لکھا ہے کہ نئی دہلی میں 17 جنوری کو نریندر مودی کے ساتھ میری ملاقات کے بارے میں ایک اخبار میں شائع ہونے والی خبر پوری طرح شرارت انگیز ، بے بنیاد اور غلط ہے۔ انہوں نے یہ بھی لکھا ہے کہ ریاستوں کے دورہ اور دہلی میں وزرائے اعلی کی کانفرنس کے دوران ان کی وزرائے اعلی سے ملاقات ہوئی ہے اور ان موقع کو چھوڑ کر وہ مسٹر مودی سے کبھی نہیں ملے ۔این سی پی کے ترجمان ڈی پی ترپاٹھی نے بھی ان خبروں کو غلط بتاتے ہوئے کہا کہ جس دن کی بات کی جارہی ہے ، اس دن مسٹر پوار دہلی میں نہیں بلکہ پونے میں تھے۔