امیتابھ بچن کی فلمیں دیکھ دیکھ کر بڑے ہونے والے آج کے ستاروں کے پاس اب اتنا بھی وقت نہیں ہے کہ وہ ان کے ساتھ فلم کا آفر قبول کر سکیں۔چند فلموں کے ذریعے ہی اپنی شناخت بنا لینے والی پرنیتی چوپڑا کے ساتھ کچھ ایسی ہی ہوا ہے۔انہیں امیتابھ بچن اور عرفان خان جیسے فنکاروں کے ساتھ کام کرنے کا موقع مل رہا تھا لیکن وہ فلم سائن نہیں کر پائیں۔پرنیتی نے کہا، ’میں اس پر بہت زیادہ کچھ بولنا نہیں چاہتی لیکن چونکہ یہ خبر میڈیا میں آ چکی ہے تو بتا دیتی ہوں، بس یہی کہوں گی کہ ہاں وہ فلم میرے پاس آئی تھی اور یہ میرے لیے بہت حوصلہ افزائی کی بات تھی کہ بچن صاحب اور عرفان کے ساتھ کام کرتی۔ لیکن جب اس فلم کی شوٹنگ ہونا ہے تب میں واقعی بہت مصروف ہوں۔‘ “میں اس وقت کسی اور فلم کی شوٹنگ کر رہی ہوں اس لیے نہیں کر پاؤں گی اور ایسا ہوتا ہے، بہت ساری فلمیں ملتی ہیں جو پسند بھی آتی ہیں لیکن الگ الگ وجوہ سے آپ کبھی کبھی وہ فلمیں نہیں کر پاتے ہیں۔”اکثر فلمی ستارے جب مقبولیت حاصل کر لیتے ہیں تو ان کی اس طرح کی باتوں کو ستاروں کے نخرے کہا جاتا ہے لیکن پرنیتی کہتی ہیں کہ نہ تو وہ خود کو سٹار مانتی ہیں اور نہ بدلی ہیں۔فروری میں ریلیز ہونے والی ان کی فلم ’ہنسی تو پھنسی‘ میں پرینیتی چوپڑا کے ساتھ سدھارتھ ملہوترا نظر آئیں گے۔پرنیتی ان ستاروں کی لسٹ میں بھی شامل ہیں جن کا وزن ان کی پریشانی کی وجہ رہا ہے، لیکن اب وہ اپنے آپ سے خوش ہیں۔وہ بتاتی ہیں، ’ایک وقت تھا جب میرا وزن زیادہ تھا۔مجھے ٹھیک سے کپڑے پہننے کا سلیقہ بھی نہیں تھا۔ عجیب طرح سے کپڑے پہن لیا کرتی تھی۔ لیکن پھر میں نے وزن کم کیا۔ اب میں پتلی ہو چکی ہوں لیکن مزید فٹ ہونا چاہتی ہوں۔‘پرنیتی چوپڑا کی اب تک تین فلمیں ریلیز ہو چکی ہیں۔ لیڈیذ ورسز رکی بہل، عشق زادے اور پیور دیسی رومینس۔ یہ تینوں فلمیں یش راج بینر کے تلے بنی تھیں۔پرنیتی کی اگلی فلم ہنسی تو پھنسی فروری میں ریلیز ہو رہی ہے۔ اس کے خالق کرن جوہر اور انوراگ کشیپ ہیں۔