میسورو:کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کے نفاذ پر اپنی برہمی جاری رکھتے ہوئے کہاکہ ان دونوں نے ملک کی معیشت اور ملازمتوں کی تشکیل کو شدید نقصان پہنچایا۔
راہل نے میسورو کے مہارانی آرٹس کالج فار ویمن کے طلبہ کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا”میں سمجھتا ہوں کہ یہ ایک غلطی تھی اور اس کو نہیں کرناچاہئے تھا۔نوٹ بندی اور جی ایس ٹی نے ہندوستان کی معیشت اور ملازمتوں کی فراہمی کو شدید نقصان پہنچایا۔جس طرح سے نوٹ بندی کی گئی تھی اس کا طریقہ مناسب نہیں تھا ۔آر بی آئی کے گورنر،مالیاتی امور کے صلاح کار ، وزیرخزانہ کو بھی اس بات کا کوئی علم نہیں تھا۔میں نے جب چدمبرم سے ملاقات کی تو انہوں نے نوٹ بندی کو پاگل پن قرار دیا تھا۔”کروڑہاروپئے کے پی این بی گھپلہ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کانگریس رہنما نے کہا کہ نیرو مودی نے بینک کے 22000کروڑروپئے حاصل کرلئے ۔کیا آپ تصور کر سکتے ہیں کہ آپ جیسی نوجوان خواتین کے پاس اگر 22000کروڑروپئے کی رقم ہوتو آپ کتنی تجارت کر سکتی ہیں؟انہوں نے کہاکہ ہمارے پاس مہارت ضرور ہے تاہم مالی اوردیگر تعاون کی کمی ہے ۔مسئلہ یہ ہے کہ بڑے پیمانہ پر دولت صرف 15تا20افراد کو ہی جارہی ہے ۔قبل ازیں راہل نے کرناٹک کے وزیراعلی سدارامیا کے ساتھ میسورو کی چامُندیشوری مندر کا دورہ کیا۔