بارہ بنکی: اترپردیش کے بارہ بنکی میں شادی کی ایک تقریب میں دعوت ولیمہ کے بعد تقریبا ڈیڑھ سو افرادبیمار ہو گئے ۔
پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ بارہ بنکی شہر کے محلہ بھیتری پیر بٹا کے رہنے والے عبدالعلی کے بیٹے وارث کی شادی کے موقع پر کل دعوت ولیمہ میں رشتہ دار سمیت محلے کے بہت سے لوگ آئے تھے ۔
دوپہر تقریبا دو بجے سب کو کھانا پیش کیا گیا۔ کھانے کے کچھ دیر بعد لوگوں کی طبیعت بگڑنے لگی لیکن انہوں نے گھریلو علاج شروع کر دیا۔ دیکھتے دیکھتے رات تقریباً 10 بجے سب کی حالت خراب ہونے لگی تو آناً فاناً کچھ لوگوں کو ضلع اسپتال کے علاوہ پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ ضلع اسپتال میں ایک ساتھ بڑی تعداد میں مریضوں کے آنے سے وہاں افرا تفری کا ماحول تھا۔ زیادہ تر لوگوں کو علاج کے بعد گھر بھیج دیا لیکن سنگین حالت میں 12 افراد بھرتی کرانا پڑا۔ ڈاکٹروں کے مطابق گرمی کی وجہ سے کھانا زہریلا ہونے سے لوگ بیمار پڑے تھے ۔ کھانے کے نمونے جانچ کے لئے بھیج دیئے گئے ہیں۔