بھارتی ریاست راجستھان کی مقامی عدالت نے بولی وڈ دبنگ ہیرو سلمان خان کو 5 اپریل کو 20 سال پرانے نایاب ہرن کے شکار کے کیس میں 5 سال قید اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔
اگرچہ سلمان خان کو اسی کیس میں اسی عدالت نے کم سے کم 3 مختلف معاملات میں بری کردیا تھا، تاہم ان پر نایاب نسل کے سیاہ ہرن کے شکار کا الزام ثابت ہونے پر انہیں جیل کی سزا سنائی گئی۔
اب سلمان خان کے جیل سے باہر آنے کا واحد راستہ عدالت میں نظرثانی کی درخواست ہے، جس کے لیے اداکار نے پہلے ہی انتظامات کر رکھے ہیں۔
نیوز 18 کے مطابق سلمان خان کو قید کی سزا کے خلاف 6 اپریل کو جودھپور سیشن کورٹ میں نظرثانی کی درخواست پر سماعت ہوگی۔
سلمان خان کو ضمانت ملتی ہے یا نہیں اس کا فیصلہ عدالت ہی کرے گی، تاہم اہم سوال یہ ہے کہ دبنگ ہیرو کے 5 سال تک جیل جانے سے انہیں کتنا نقصان ہوگا، اور ان کی آنے والی فلموں کا کیا بنے گا؟
دکن کیرونیکل کے مطابق سلمان خان کے جیل جانے سے نہ صرف انہیں کروڑوں روپے کا نقصان ہوگا، بلکہ بھارتی فلم و ٹی وی انڈسٹری کو بھی اندازوں کے مطابق ایک ہزار کروڑ روپے کا نقصان ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق اس وقت سلمان خان یومیہ کم سے کم 65 لاکھ 47 ہزار روپے کماتے ہیں، لیکن جیل میں جانے کے بعد ان کی یہ کمائی بند ہوجائے گی۔