آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا ہے کہ فلسطینی مجاہدین کی حمایت کرنا شرعی اور انسانی ذمہ داری ہے جو ہرقسم کی سیاست سے بالاترہے
آیت اللہ خامنہ نے اسرائیل کے ساتھ مذاکرات کو ناقابل معافی جرم قرار دیتے ہوئے عالم اسلام پر زور دیا ہے کہ مزاحمتی تحریک کی تقویت اور غاصب صیہونی حکومت کے خلاف جدوجہد کو تیز کیا جائے۔
مزاحتمی تحریک حماس کے سربراہ عیل ہنیہ کے خط کے جواب میں امام خامنہ ای نے فرمایا ہے کہ دھوکے باز، جھوٹی اور غاصب حکومت کے ساتھ مذاکرات ایک ناقابل معافی جرم ہے کیونکہ اس کے نتیجے میں فلسطینی عوام کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔
آیت اللہ خامنہ ای نے اپنے خط میں فرمایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران خود کو فلسطینیوں کی ہر طرح کی حمایت کا پابند سمجھتا ہے اور یہ ہمارا دینی اور انسانی فریضہ ہے اور ہم سیاسی تبدیلیوں کو خاطر میں لائے بغیر اس فریضے پر عمل کرتے رہیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے کچھ عرصے قبل امام خامنہ ای کے نام اپنے خط میں بیت المقدس اور فلسطینی عوام کے خلاف عالمی سامراجی طاقتوں کی ریشہ دوانیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فلسطینی کاز کی حمایت پر آپ کا شکریہ ادا کیا تھا۔
ڈاکٹر اسماعیل ہنیہ نے اپنے خط میں لکھا تھا کہ ہم غرب اردن اور بیت المقدس میں عوام کی پرجوش تحریک انتفاضہ شروع کر کے خداوند متعال کے حکم سے مسئلہ فلسطین کے خلاف طاغوت عصر امریکہ اور منافق حکمرانوں کی سازشوں کو ناکام بنا دیں گے۔