امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ کوئی تجارتی جنگ نہیں، یہ جنگ تو ہم برسوں پہلے ہار چکے ہیں۔
امریکی صدر نے اپنے ٹویٹر پیغام میں لکھا کہ چین کے ساتھ ہماری کوئی تجارتی جنگ نہیں ہے، یہ جنگ تو ہم برسوں پہلے امریکا کی نمائندگی کرنے والے احمق اور نا اہل لوگوں کی وجہ سے ہار چکے ہیں۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا چین کے ساتھ تجارتی خسارہ جاری رکھنے کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا کو سالانہ 500 ارب ڈالر کے تجارتی خسارے کا سامنا ہے، املاک دانش چوری سے بھی مزید 300 ارب کا نقصان ہو رہا ہے، ہم یہ سب جاری نہیں رہنے دے سکتے۔
امریکی صدر کی ٹویٹ چین کی جانب سے امریکی مصنوعات کی درآمد پر ٹیکس کی شرح میں اضافے کا عندیہ دیئے جانے اور ان مصنوعات کی فہرست جاری کرنے کے اگلے روز سامنے آئی ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں امریکا اور چین کی جانب سے ایسے اقدامات کیے گئے ہیں جن سے امریکا اور چین کے باہمی تجارتی روابط میں شدید تناو کی نشاندہی ہوتی ہے۔
امریکا نے چینی مصنوعات پر 25 فیصد تک ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کیا تھا، اس کے جواب میں چین نے بھی امریکی مصنوعات پر اسی شرح سے ٹیکس بڑھانے کا اعلان کر دیا اور ایک روز بعد 106 اشیا کی فہرست بھی جاری کر دی تھی جن پر اضافی ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کیا گیا۔