لکھنؤ۔ اترپردیش کے سرخیوں میں چھائے اناؤ عصمت دری سانحہ کے ملزم ایم ایل اے کلدیپ سنگھ سینگر کو آج صبح مرکزی تفتیشی بيورو (سی بی آئی) نے گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے ایک سینئر افسر نے اس کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ کلدیپ کو ان کی لکھنؤ میں واقع رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔ ریاستی حکومت نے کل ہی اس معاملے کی انکوائری سی بی آئی کے سپرد کی تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ سی بی آئی کلدیپ سنگھ سینگر سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔
سی بی آئی کی ٹیم نے اسے لکھنئو واقع اندرا نگر رہائش گاہ سے صبح 4:30 بجے حراست میں لیا۔ سی بی آئی نے جمعرات کی دیر رات سینگر پر تین مزید ایف آئی آر درج کی ہیں۔ فی الحال، گزشتہ تین گھنٹوں سے لکھنؤ واقع دفتر میں پوچھ گچھ جاری ہے۔ ممبر اسمبلی نے سی بی آئی ٹیم کے ساتھ جانے میں تھوڑی لاپروائی کی لیکن ٹیم کے رویہ کو دیکھتے ہوئے انہوں نے جانا ہی مناسب سمجھا۔
بی جے پی رکن اسمبلی کلدیپ سنگھ سینگر سی بی آئی حراست میں، تین کیس درج
سی بی آئی کی حراست میں ملزم کلدیپ سنگھ سینگر
اس معاملے میں الہ آباد ہائی کورٹ نے رکن اسمبلی کی گرفتاری میں ہوئی تاخیر پر کل ہی ناراضگی ظاہر کی تھی۔ عدالت نے از خود نوٹس لیتے ہوئے معاملے میں مداخلت کی تھی۔
ممبر اسمبلی کے خلاف 11 اپریل کی رات عصمت دری اور پاسکو ایکٹ سمیت کئی دفعات میں معاملات درج کئے گئے تھے۔ قبل ازیں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس ( لکھنؤ زون) راجیو کرشن کی صدارت میں تشکیل خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) کی رپورٹ کی بنیاد پر رکن اسمبلی کے خلاف کارروائی یقینی کی گئی تھی۔
سی بی آئی کو عصمت دری کے ساتھ ساتھ متاثرہ کے والد کی موت کی بھی تحقیقات سونپی گئی ہے۔ سی بی آئی اس معاملے میں درج رپورٹ کے ساتھ ہی تین اپریل کے درج دیگر دو مقدموں کی بھی انکوائری کرے گی۔ گرفتاری کے بعد رکن اسمبلی کے بھانجے پرکھر نے کہا کہ ہم لوگوں نے خود سی بی آئی انکوائری کی مانگ کی تھی۔ آج صبح سی بی آئی آئی اور اس نے کہا کہ ہمیں پوچھ گچھ کرنی ہے۔
پولیس کے مطابق عصمت دری سانحہ گزشتہ برس چار جون کو پیش آیا تھا لیکن متاثرہ نے مجسٹریٹ کے سامنے دیئے گئے بیان میں رکن اسمبلی کا ذکر نہیں کیا تھا اس لئے اس کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی تھی۔ یہ معاملہ اس وقت سرخیوں میں چھا گیا جب گزشتہ ہفتے متاثرہ نے وزیراعلی کی رہائش گاہ نے نزدیک خودسوزی کی کوشش کی تھی اس کے بعد فورا ہی ایس آئی ٹی کی تشکیل کی گئی اور اسی کی بنیاد پر ممبراسمبلی کے خلاف اناؤ کے ماکھی تھانے میں رپورٹ درج کی گئی۔ ایس آئی ٹی کے علاوہ اس معاملے کی جانچ جیل کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل اور ضلع مجسٹریٹ اناؤ نے بھی کی تھی۔ان کمیٹیوں کی تحقیقات کی بنیاد پر اس معاملے میں پولیس سب انسپکٹر کنور بہادر سنگھ سمیت چھ پولیس اہلکار اور دو ڈاکٹروں کو معطل کر دیا گیا تھا۔ تین ڈاکٹروں کے خلاف محکمہ جاتی تحقیقات چل رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ عصمت دری کے واقعہ کے بعد 30 جون 2017 کو متاثرہ کے چچا اسے لے کر دہلی چلے گئے تھے۔ اس بابت متاثرہ نے پہلی رپورٹ 17 اگست 2017 میں درج کرائی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ کے چچا نے الزام لگایا ہے کہ مقدمے کو واپس لینے کے لئے ان کے بھائی (متاثرہ کے والد) پر دباؤ بنایا جا رہا تھا جس کی وجہ سے انہیں ماراپیٹا اور فرضی معاملوں میں جیل میں بھیج دیا گیا تھا جہاں انہیں اتنا مارا گیا کہ جیل سے اسپتال کے راستے میں ہی ان کی موت ہوگئی تھی۔
پولیس کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جیل جانے سے پہلے اور بعدمیں متاثرہ کے والد کا مناسب طبی علاج نہیں کیا گیا لہذا ہسپتال کے چیف میڈیکل آفیسر اور ایمرجنسی میڈیکل افسر کو معطل کر دیا گیا جبکہ تین دیگر ڈاکٹروں کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
معاملہ سرخیوں میں آنے پر اپوزیشن جماعتوں نے حکومت پر تنقید شروع کر دی تھی۔ بی جے پی صدر امت شاہ کے 11 اپریل کے دورے کے وقت بھی یہ معاملہ اٹھایا گیا تھا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق حکومت نے اسی وقت فیصلہ کر لیا تھا کہ معاملے کی جانچ سی بی آئی کو دے دی جائے ۔
#اناؤ اجتماعی عصمت دری معاملہ#سی بی آئی#کلدیپ سنگھ سینگر