علی گڑھ:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی طلبہ یونین کی جانب سے سرسید اور علامہ اقبال کانفرنس کا انعقاد کنیڈی آڈیٹوریم میں کیا گیا جس میں مولانا عطاء الرحمان واجدی (سہارنپور)، پروفیسر سعود عالم قاسمی، ڈاکٹر فہیم محمد رمضان (کشمیر)، ڈاکٹر عبیداللہ فہد فلاحی اور پروفیسر ابو ظفر حسان ندوی (ممبئی) نے بطور خاص شرکت کی۔
پروفیسر ابو ظفر حسان ندوی نے اپنے خطاب میں کہاکہ علامہ اقبال کی شاعری اور سرسید کی ڈائری آج بھی ہمیں جینے اور سماج کی رہنمائی کا صحیح طریقہ بتاتی ہے ۔ ڈاکٹر عبیداللہ فہد فلاحی نے کہاکہ سرسید اور علامہ اقبال نے لوگوں کو جوڑنے کا کام کیا، توڑنے کا نہیں۔ ہمیں آج متحد رہنے اور دوسروں کو بھی متحد کرنے کی ضرورت ہے ۔
ڈاکٹر فہیم محمد رمضان نے کہاکہ سرسید اور علامہ اقبال کو پڑھنے سے ایک بات سمجھ میں آتی ہے کہ تاریخ کو پڑھنے کے ساتھ ساتھ خود تاریخ بنانی چاہئے ۔ مولانا عطاء الرحمان واجدی نے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ دور میں سرسید اور علامہ اقبال کو کتابوں تک محدود کردیا گیا ہے ۔
جب کہ ہونا تو یہ چاہئے کہ ہم ان کے جیسا بننے کی کوشش کریں۔اس سے قبل سبھی مدعو مقررین کو یادگاری نشان پیش کئے گئے ۔
طلبہ یونین کے صدر مشکور احمد عثمانی نے اپنی استقبالیہ تقریر میں مہمانوں اور حاضرین کا خیرمقدم کیا۔ انھوں نے یونین کی کارگزاری پر بھی روشنی ڈالی۔پروگرام کی نظامت کیبنٹ ممبر متین اشرف نے کی۔ اس موقع پر نجم الثاقب، زوہیب احمد، محمد ندیم اور طلبہ یونین کے دیگر عہدیداران اور طلبہ کثیر تعداد میں موجود تھے ۔