لکھنئو۔ اترپردیش کی یوگی حکومت آئندہ رمضان کے مہینہ میں مسلم اکثریتی اضلاع میں 24 گھنٹے بجلی سپلائی کو یقینی بنائے گی۔ مسلم آبادی والے علاقوں میں رمضان کے ماہ میں بجلی کٹوتی نہیں کی جائے گی۔
توانائی کے ریاستی کابینہ وزیر شری کانت شرما نے تمام ڈویژنوں کو ہدایت دی ہے کہ رمضان کے مہینہ میں بجلی کٹوتی نہ کی جائے۔ انہوں نے کثیر مسلم آبادی والے علاقوں میں موبائل ٹرانسفارمر کے بندوبست کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔
واضح رہے کہ 2017 کے یوپی اسمبلی انتخابات میں تشہیر کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے اس وقت کی سماجوادی حکومت پر الزام لگایا تھا کہ وہ مذہب کی بنیاد پر سیاست کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ ایس پی حکومت بجلی کی سپلائی میں بھی تفریق کر رہی ہے۔ عید کے موقع پر وہ بجلی کی سپلائی خوب کرتی ہے جبکہ دیوالی کے موقع پر نہیں۔ وزیر اعظم کے اس بیان پر اس وقت ان پر پولرائزیشن کی سیاست کرنے کا الزام لگایا گیا تھا۔
ٹائمس آف انڈیا کے مطابق، شرما نے کہا کہ ہمارے پاس کافی مقدار میں بجلی دستیاب ہے۔ ہم خصوصی طور پر سحری اور افطار کے وقت بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مذہب یا ذات پات کی بنیاد پر کسی قسم کی تفریق نہیں کرتے۔