افغان دارالحکومت کابل میں دہرے خودکش حملے کے نتیجے میں کم از کم 25 افراد ہلاک جبکہ 45 زخمی ہو گئے ہیں۔ ہلاک شدگان میں فرانیسسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے ایک فوٹوگرافر کے علاوہ تین دیگر صحافی بھی شامل ہیں۔
عالمی خبررساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پولیس نے بتایا ہے کہ بظاہر ان حملوں میں غیر ملکی اہداف کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ جس جگہ یہ حملے کیے گئے ہیں، وہاں پر نیٹو صدر دفاتر کے علاوہ متعدد ممالک کے سفارتخانے بھی واقع ہیں اور اس علاقے کی سکیورٹی انتہائی سخت ہے۔ کسی بھی گروہ نے فوری طور پر ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق پہلے دھماکے کے بعد وہاں رپورٹنگ کے لیے صحافی پہنچے اور دوسرے دھماکے کی زد میں آ گئے۔ اس سے پہلے بھی کابل میں ایک ہفتہ قبل خونی مناظر دیکھنے میں آئے جب ایک ووٹر رجسٹریشن سینٹر میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں ساٹھ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔