حسینیہ امام خمینی (رہ) میں لگی ایرانی مصنوعات کی نمائش میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای مد ظلہ حاضر ہوئے اور قریب سے انہوں نے ایرانی اور قومی صنعتکاروں کی محنتوں اور انکی تیار کردہ مصنوعات کا جائزہ لیا۔ واضح رہے کہ اس نئے ایرانی سال کو رہبر انقلاب اسلامی نے ’’ایرانی مصنوعات کی حمایت‘‘ سے ہی منسوب کیا ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی کے دفتر سے جاری ہونے والے پریس بیان کے مطابق آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای اتواراور پیرکی درمیانی شب حسینیہ امام خمینی تشریف لے گئے اور وہاں قائم ایرانی مصنوعات کے ستتر اسٹالوں کا قریب سے معائنہ کیا۔
اس موقع پر آپ نے صنعتکاروں اور تاجروں سے بھی بات چیت کی ان کے مسائل اور مشکلات کو سننے کے ساتھ ساتھ بعض مشکلات کو فوری طور پر حل کرنے کا حکم بھی صادر کیا۔آپ نے وزیر تعاون، محنت اور فلاح و بہبود، علی ربیعی کو حکم دیا کہ وہ صنعتکاروں اور تاجروں کی بیان کردہ مشکلات کو فوری طور پر حل کرنے کے لیےجامع حمکت تیار کریں۔رہبر انقلاب اسلامی نے معیاری ایرانی مصنوعات کی تعریف کرتے ہوئے متعلقہ حکام اور اداروں پر زور دیا کہ وہ درآمدات کو کنٹرول کرنے اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ضروری اقدامات عمل میں لائیں۔آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے صنعتکاروں سے عوامی سطح پر ان کی مصنوعات کی مقبولیت کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔رہبر انقلاب اسلامی نے بیس مارچ کو نئے ایرانی سال کے آغاز کے موقع پر اپنے تہنیتی پیغام میں رواں ایرانی سال کو ایرانی مصنوعات کی حمایت کا سال قرار دیا تھا۔