لکھنؤ : اتر پردیش کے ضلع اناؤ اور بلرام پور میں بے خوف بدمعاشوں نے دو صرافہ کاروباریوں سے لاکھوں کی مالیت کے سونے اور چاندی کے زیورات کے علاوہ نقدرقم لوٹ کر فرار ہو گئے ۔
پولیس ترجمان نے آج یہاں بتایا کہ انا ؤ کے نواب گنج کے رہنے والے صرافہ کاروباری شیلندر سونی کل دیر شام اپنی جوئیلری کی دکان بند کرنے کے بعد موٹر سائیکل سے گھر جارہے تھے ۔
کانپور ۔لکھنؤ ہائی وے پر سورامؤ علاقہ میں گمٹی نمبر 10 کے نزدیک لکزری کار پر سوار چار پانچ بدمعاشوں نے مسٹر سونی کو روک لیا اور اسلحے کا خوف دکھا کر سات کلو چاندی ، 250 گرام سونا اور 20 ہزار نقد لوٹ لئے ۔ مزاحمت کرنے پر بدمعاشوں نے مار پیٹ کر انہیں زخمی بھی کردیا ۔ زخمی صراف کو اسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے ۔ پولیس لٹیروں کی سرگرمی سے تلاش کر رہی ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ ضلع بلرام پور کے سعداللہ نگر علاقہ میں سریندر صراف ٹی لائی نگر علاقے میں واقع اپنی دکان بند کرنے کے بعد بائک سے گھر جارہے تھے ۔ راستے میں تین بدمعاشوں نے انہیں روک لیا اور اسلحے کے زور پر ان سے 750 گرام چاندی ، 100 گرام سونا اور 35 ہزار نقد لوٹ کر فرار ہو گئے ۔
دونوں واقعے کے سلسلے میں متعلقہ تھانوں میں معاملہ درج کرادیا گیا ہے ۔ پولیس بدمعاشوں کی سرگرمی سے تلاش کر رہی ہے ۔